اسلام آباد فیض آباد انٹر چینج کے قریب پرویزمشرف کی گزرگاہ پر دھماکا ایک خاتون زخمی

دھماکا خیز مواد سڑک کے کنارے فٹ پاتھ پر برساتی پانی کی نکاسی کے لئے نصب پائپ میں رکھا گیا تھا۔

دھماکے سے جائے وقوعہ پر ایک فٹ گہرا گڑھا بھی پڑ گیا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

فیض آباد انٹر چینج کے قریب سڑک کنارے نصب بارودی مواد پھٹنے سے ایک خاتون زخمی ہوگئی، دھماکے سے کچھ ہی دیر قبل اسی راستے سے سابق صدر پرویز مشرف گزرے تھے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کی اے ایف آئی سی سے ان کے فارم ہاؤس منتقلی کےدوران ان کا قافلہ فیض آباد انٹر چینج سے گزرنے کے کچھ ہی دیر بعد وہاں دھماکا ہوگیا، دھماکے سے نیلم بی بی نامی ایک خاتون زخمی ہوگئیں، جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔


دھماکے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو سیل کرکے دھماکے کی جگہ سے ملنےوالے شواہد کواکھٹا کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں چار کلو سے زائد بارودی مواد استعمال کیا گیا جسے فٹ پاتھ پر موجود برساتی پائپ میں نصب کیا گیا تھا۔ اس حملے کا مقصد پرویز مشرف کے قافلے کو نشانہ بنانا ہوسکتا ہے تاہم واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے، جس کے بعد ہی حتمی طور پر اس کے ہدف کے بارے میں وثوق سے کہا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ اسی مقام پر کئی مرتبہ سابق صدر کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ گزشتہ ماہ سیکیورٹی ادارے کی جانب سے ایک مراسلہ بھی جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پرویز مشرف پر حملے کے لئے اس روٹ کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اُن کی سکیورٹی پر تعینات اہلکار بھی اُن پر حملہ کرسکتے ہیں جس طرح سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر پر کیا گیا تھا۔
Load Next Story