قیدیوں کی رہائی پر غور کررہے ہیں لیکن امن زون کا مطالبہ نہیں مانا جاسکتا عرفان صدیقی

طالبان سے مذاکرات میں وقفہ ضرور ہے تاہم اسے معطل نہیں کہا جاسکتا، مشیر وزیر اعظم


ویب ڈیسک April 03, 2014
حکومت کی طرف سےامن کی خواہش کو شک کی نگاہ سے نہ دیکھا جائے، عرفان صدیقی۔ فوٹو: فائل

وزیر اعظم کے مشیر خصوصی عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ حکومت قیدیوں کی رہائی پر غور کررہی ہے لیکن امن زون کے لئے طالبان کا مطالبہ نہیں مانا جاسکتا۔

پنجاب یونیورسٹی لاہور میں کتب میلے میں شرکت کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر خصوصی کا کہنا تھا کہ طالبان اور حکومتی کمیٹیاں مکمل طور پر فعال ہیں، حکومت کی طرف سےامن کی خواہش کو شک کی نگاہ سے نہ دیکھا جائے، مذاکرات کی گاڑی آگے بڑھ رہی ہے تاہم کچھ لوگوں کو محسوس نہیں ہو رہا۔ ان کا کہنا ہے کہ اب تک کسی بھی فریق نے جنگ بندی کے خاتمے کا اعلان نہیں کیا جس کا مطلب یہ ہے کہ جنگ بندی ابھی بھی قائم ہے۔

عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ حکومت نے پیس زون کے لئے کوئی علاقہ مختص نہیں کیا نا ہی اس قسم کے زون کے قیام کا کوئی ارادہ ہے، حکومت کی تحویل میں کوئی بچہ اور خاتون قیدی نہیں ہے، حکومتی سطح پر قیدیوں کے تبادلے پر غور کیا جارہا ہے اور یہ دیکھا جارہا ہے کہ طالبان کی پیش کردہ فہرست میں سے کسے رہا کیا جاسکتا ہے اور کسے آزاد نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف اور طالبان 2 مختلف معاملات ہیں، سابق صدر کی رہائی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں