دانیہ شاہ نے ضمانت کیلئے سیشن کورٹ سے رجوع کرلیا
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ان پر لگائے گئے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں
ڈاکٹر عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیو وائرل کرنے کے الزام میں گرفتار ملزمہ دانیہ شاہ نے ضمانت کے لئے سیشن عدالت میں درخواست دائر کردی۔
ایکسپریس نیوز رپورٹ کے مطابق کراچی سٹی کورٹ میں معروف ٹی اینکر پرسن ڈاکٹر عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیو وائرل کرنے سے متعلق مقدمے میں ملزمہ دانیہ شاہ نے سیشن عدالت میں درخواست دائر کردی ہے۔
ایڈوکیٹ لیاقت گبول نے بتایا کہ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ان پر لگائے گئے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔ لیاقت گبول نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ ایف آئی اے کے پاس میری موکل کیخلاف کوئی شواہد نہیں، لہذا ضمانت دی جائے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے 23 دسمبر کو دانیہ شاہ کی ضمانت مسترد کی تھی، ملزمہ عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عامر لیاقت ویڈیو کیس میں دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت مسترد
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے دانیہ شاہ کو 17 دسمبر کو جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔ ایف آئی اے نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی بیٹی دعا عامر کی شکایت پر دانیہ شاہ کو پنجاب کے علاقے لودھراں سے گرفتار کیا تھا۔