کراچی میں یخ بستہ ہواؤں کا راج پارہ 8 ڈگری تک گرنے کا امکان
ہفتے کوصبح ہلکی دھند کی وجہ سے حد نگاہ کم ہوکر 3 کلومیٹر رہ گئی تھی، محکمہ موسمیات
شہر قائد میں بلوچستان کی یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے آج رات پارہ 8 ڈگری تک گرنے کا امکان ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچستان کی یخ بستہ ہواؤں کے سبب مجموعی درجہ حرارت میں کمی ہوگئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا موسم گزشتہ دنوں کے مقابلے میں مزید سرد ہوگیا اور ہفتے کو دن بھر بلوچستان کی یخ بستہ ہوائیں شہر پر اثر انداز رہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس دوران سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں معطل رہیں جبکہ ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 10 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ ہفتے کوصبح کے وقت ہلکی دھند کی وجہ سے حد نگاہ کم ہوکر 3 کلومیٹر رہ گئی تھی،کم سے کم پارہ 10.1 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 27.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔