خطے کے کئی سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنا باقی ہے چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی

مشترکہ آپریشنز اسی وقت کامیاب ہوسکتے ہیں جب مسلح افواج کے درمیان بہترین ہم آہنگی ہو، جنرل راشد محمود


ویب ڈیسک April 03, 2014
پاک فضائیہ ہمیشہ قوم کی توقعات پر پوری اتری ہے، جنرل راشد محمود فوٹو: ایکسپریس نیوز

چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے کہا ہے کہ خطے میں ایسے بہت سے سیکیورٹی چیلنجز موجود ہیں جن سے نمٹنا ابھی باقی ہے۔

پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں فضائیہ کے زیر تربیت کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، پاک فضائیہ کے چاک وچوبند دستے نے مہمان خصوصی چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو سلامی دی جبکہ تقریب میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کے دوران جنرل راشد محمود نے پاس ہونے والے کیڈٹس کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ ہمیشہ قوم کی توقعات پر پوری اتری ہے اور اب کمیشن حاصل کرنے والوں ذمہ داری ہے کہ وہ اس سلسلے کوآگے بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں ابھی بہت سے ایسے سیکیورٹی چیلنجز ہیں جن سے نمٹنا باقی ہے جبکہ مشترکہ آپریشنز اسی وقت کامیاب ہوسکتے ہیں جب مسلح افواج کے درمیان بہترین ہم آہنگی ہو۔

تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کئے گئے، فلائنگ ٹریننگ میں چیف آف دی ایئر اسٹاف ٹرافی پائلٹ آفیسرعلی حنین جبکہ فلائنگ ٹریننگ میں اعزازی شمشیر پائلٹ آفیسر عزیرعزیز خان نےحاصل کی۔ 90 ایئر ڈیفنس کورس میں بہترین کارکردگی کی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ زید بن عمر نے حاصل کی جبکہ چیف آف ایئر اسٹاف ٹرافی پائلٹ آفیسر حافظ محمد عمر کو دی گئی اور اعزازی شمشیر کا ایوارڈ بھی حافظ محمد عمر کو دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں