پرویز مشرف نے اقتدار بچانے کیلئے پاکستان کو غیر ملکی جنگ میں دھکیلا چوہدری نثار
وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف نے اپنا اقتدار بچانے کے لئے پاکستان کو غیر ملکی جنگ میں دھکیلا جس کا خمیازہ ہم آج تک بھگت رہے ہیں۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ ملک میں پچھلے 12 سالوں سے آگ اور خون کی ہولی جارہی ہے تو کیا تنقید کرنے والوں کو یہ نظر نہیں آرہا، 2002 اور 2003 میں فاٹا میں ایک بھی دھماکا نہیں ہوتا تھا لیکن بدقسمتی سے آج نصیحتیں کرنے والے بہت اور سیدھا راستہ دکھانے والے کم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سالوں تک اقتدار میں رہنے والوں میں سے کسی نے ملک میں امن لانے کے لئے مذاکرات کی بات نہیں کی لیکن جب ہم نے اقتدار میں آکر طالبان سے مذاکرات شروع کئے تو ہم پر تنقید کی جارہی ہے۔
چوہدری نثار نے کہا کہ پرویز مشرف نے صرف اپنا اقتدار بچانے کی خاطر ملک کو غیر ملکیوں کی جنگ میں دھکیلا حالانکہ نائن الیون کے واقعے میں کوئی پاکستانی ملوث نہیں تھا لیکن غیر ملکی جنگ میں شامل ہو کر ملک پر آگ وخون کی ہولی مسلط کی گئی تاہم مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی ملک سے فساد ختم کرکے اسے امن کا گہوارہ بنانا اولین ترجیح ہے، مذاکرات ہی سے امن قائم ہوسکتا ہے اور طالبان سے مذاکرات میں کافی پیشرفت ہوچکی ہے اور آگے مزید ہوگی۔