عمران خان جنرل ر باجوہ کے بعد کہیں سارا ملبہ مرشد پر ہی نہ ڈال دے خواجہ آصف

اب سیاسی جنگ سوشل میڈیا پر لڑی جارہی ہے، نواز شریف نے نازیبا زبان استعمال نہیں کی کارکنان بھی استعمال نہ کریں


ویب ڈیسک December 25, 2022
(فوٹو: فائل)

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہمارے مخالفین پستی میں گرچکے لیکن ہم اس سطح پر آکر جواب نہیں دے سکتے، نواز شریف نے کبھی نازیبا زبان استعمال نہیں کارکنان بھی سوشل میڈیا پر ایسی زبان استعمال نہ کریں۔

سیالکوٹ میں ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سیاسی جنگ آج کل سوشل میڈیا پر لڑی جا رہی ہے، دعا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں ہم ملک کا دفاع اور خدمت جاری رکھ سکیں، تمام مسیحی بھائیوں کو کرسمس کی مبارکباد دیتا ہوں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ قائد اعظم اور میاں نواز شریف کا آج جنم دن ہے، دعا ہے کہ ہم نواز شریف کی قیادت میں اس ملک کو مضبوط ترین بناسکیں، سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی اور نازیبا الفاظ کا استعمال نہ کیا جائے، میاں نواز شریف نے کبھی نازیبا الفاظ استعمال نہیں کیے، ہمارے مخالفین پستی میں گرچکے ہیں لیکن ہمیں سیاسی مخالفین کی سطح پر جواب نہیں دینا۔

انہوں ںے کہا کہ آنے والے الیکشن کے لیے گلی محلوں کی سطح پر کارکنوں سے رابطے قائم کیے جائیں گے، پہلے سیاسی جنگ ذاتی رابطوں سے لڑی جاتی تھی اب دور حاضر میں سوشل میڈیا پر سیاسی جنگ لڑی جاتی ہے، ہمارا سوشل میڈیا پر ابھی اتنا مضبوط رابطہ قائم نہیں ہوسکا، سوشل میڈیا ہر سیاسی مخالفین کے خلاف نازیبا کے بجائے سیاسی زبان کا استعمال کیا جائے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان محسن کش انسان ہے جو آج کہہ رہا ہے کہ سب کچھ جنرل (ر) باجوہ کے ہاتھ میں تھا، کہیں یہ کل کو سارا ملبہ مرشد پر ہی نہ ڈال دے، چیئرمین پی ٹی آئی کی غلطیوں کا خمیازہ عوام آج بھگت رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب ہمیں سیاست کی بنیاد پر سزائیں دی جارہیں تھیں اُس وقت جیل میں رہائی ناممکن لگتی تھی، وزیراعظم اور وزیر بننے کی کوئی امید نہیں تھی، مگر نواز شریف اور ہم نے اپنا معاملہ اللہ کے سپرد کیا اور پھر قدرت نے ہمیں انصاف دیا، جس کے بعد آج نوازشریف کا چھوٹا بھائی ملک کا وزیراعظم ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں