سیاسی عدم استحکام اور معیشت

پاکستان کی سیاست، معاشرت اور معیشت کو سردجنگ کے نظریات سے نکالنا بہت ضروری ہے


Editorial December 26, 2022
پاکستان کی سیاست، معاشرت اور معیشت کو سردجنگ کے نظریات سے نکالنا بہت ضروری ہے (فوٹو: فائل)

ملک میں سیاسی عدم استحکام ختم ہونے کے بجائے بڑھتا جارہا ہے، اقتدار کے اسٹیک ہولڈرز تاحال باہم برسرپیکار ہیں، وہ کوئی ایسا میکنزم تیار کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے جسے اپنا کر سب کے مفادات میں ہم آہنگی پیدا ہوسکے۔

ملک کی معیشت ڈانواڈول ہے،انویسٹرزاور کاروباری طبقہ پریشان ہیں، دو صوبوں میں انتظامیہ گومگو کی کیفیت کا شکار ہے،شمال مغربی سرحد پر خطرات منڈلا رہے ہیں،ملک کی سیاسی و مذہبی قیادت میں دہشت گردی کے خلاف لڑنے کا عزم نظر نہیں آتا، خیبر پختونخوا میں ٹی ٹی پی آزادانہ کارروائیاں کررہی ہے جب کہ صوبائی حکومت انھیں روکنے میں ناکام ہے بلکہ کئی معاملات میں اس نے حقائق پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔

یہ کھلی حقیقت ہے کہ سیاسی عدم استحکام سے ملک میں بیرونی ہی نہیں بلکہ مقامی سرمایہ کاری بھی رک جاتی ہے اور برآمدات بری طرح متاثر ہوتی ہیں۔ چند ماہ قبل ہی ملک میں تاریخ کے بدترین سیلاب سے ایک محتاط اندازے کے مطابق تین کروڑ افراد شدید متاثر ہوئے۔ سندھ اور بلوچستان میں وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔

سیلاب سے متاثرہ آبادی کا بڑا حصہ سردی کی شدت میں اضافے کے باوجود کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ ملک میں طوفانِ سیاست برپا ہے جس میں سیلاب زدگان کی آہ و پکار کہیں دب گئی ہے۔

پاکستان کا معاشی میزانیہ اور توازن حالیہ سیلاب کی وجہ سے خراب ہو گیا ہے۔ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سال تباہ کن سیلاب نے پاکستان میں معاشی سرگرمیاں متاثر کی ہیں، جو پہلے ہی بڑے مالی اور بیرونی عدم توازن اور دہرے ہندسے کی افراط زر سے نمٹنے کے لیے استحکام کی کوششوں سے متاثر تھی۔ بلند افراط زر، اور غیر مستحکم ''جی ڈی پی'' کی نمو میں کمی آنے کی توقع ہے۔

سیلاب نے کپاس، چاول اور ملک میں اگائی جانے والی دیگر اہم فصلوں کو بری طرح متاثر کیا ہے اور سیلاب کی وجہ سے آنے والے زرعی سیزن کو بھی خطرہ ہے۔ سیلاب سے صنعت پر خاص طور پر ٹیکسٹائل اور فوڈ پروسیسنگ اور خدمات، خاص طور پر تھوک تجارت اور نقل و حمل پر اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

پاکستان کے لیے مالی سال 2023 میں کمزور کرنسی، گھریلو توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ سیلاب سے فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات اور سپلائی میں خلل عارضی خوراک کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کا سبب بنے ہیں۔

زیر آب آنے والا کثیر زرعی رقبہ ناقابل کاشت ہونے کی وجہ سے زرعی پیداوار میں کمی ہونے سے آنے والے چند ماہ میں جن مسائل کا سامنا کرنا رہا ہے،ان میں سرفہرست بروقت اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے جہاں درآمدی بل میں اضافہ ہوا ہے، وہیں برآمدات میں ہونے والی مسلسل کمی سے بھی زرمبادلہ کے ذخائر پر اضافی دباؤ برداشت کرنا پڑرہ ہے۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے ورلڈ بینک نے آیندہ مالی سال میں پاکستان کے جی ڈی پی میں اضافے کی شرح دو فیصد تک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

مزید تشویشناک بات یہ ہے کہ ورلڈ بینک کی تازہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موسمی اثرات کی وجہ سے پاکستان کو 2050 تک قومی پیداوار میں مسلسل کمی کا سامنا رہے گا۔ اس تنزلی کا تخمینہ اٹھارہ سے بیس فیصد تک لگایا گیا ہے۔

پاکستان ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ سیاست ہو اور معیشت بھی بحرانی کیفیت سے گزر رہی ہے۔ معاملات دگرگوں ہیں، شدید پریشانی ہے،عامتہ الناس کی زندگی اور اْس کے شب و روز درست نہیں ہیں۔ آٹا، دال،چاول، چینی ہی نہیں، بجلی گیس اور تیل بھی اْس کی دسترس سے نکل چکے ہیں۔

قدرِ زر پست سے پست تر ہوتی چلی جا رہی ہے۔ عام انسان کی قوت خرید جامد ہو چکی ہے۔ معاشی معاملات کی فوری بہتری نہ ہونے کی ایک اہم وجہ یوکرین کی جنگ بھی ہے جس نے عالمی منظر پر بے یقینی کی صورت حال طاری کر رکھی ہے۔

دسمبر کے دوسرے ہفتے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بتایا کہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کم ہو کر 6.7 بلین ڈالر پر آ گئے ہیں، جو کہ تقریباً چار سالوں میں اس کی کم ترین سطح ہے۔

اسٹیٹ بینک کے گورنر نے کہا کہ پاکستان کا معاشی بحران بنیادی طور پر اس سال کے تباہ کن سیلاب، یوکرین کی جاری جنگ اور عالمی سطح پر خوراک کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ہے۔

پاکستان نے دو ہفتے قبل اپنے میچورنگ بانڈز اور دیگر بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کے لیے 1 بلین ڈالر کی ادائیگی کی جس کے نتیجے میں غیر ملکی ذخائر میں کمی واقع ہوئی پاکستان کو آنے والے مالی سال میں اپنے غیر ملکی قرض دہندگان کو تقریباً 33 بلین ڈالر ادا کرنے ہیں۔ اس ادائیگی کو پورا کرنے کے لیے ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے 500 ملین ڈالر موصول ہوئے، ایک ''دوستانہ ملک'' سے 3 بلین ڈالر کے لیے بات چیت کر رہی ہے۔

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے کہ جب ملک کو اپنے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو کم کرنے کے لیے غیر ملکی امداد کی اشد ضرورت ہے اور ساتھ ہی ساتھ اگلے مالی سال کے لیے قرض کی ذمے داریوں کی ادائیگی کے لیے کافی ذخائر کو یقینی بنانا ہے۔

سوال یہ ہے کہ وسائل کی فراہمی کیسے ممکن ہو، اس کا ایک طریقہ تو یہ ہے کہ ملک و قوم کی اپنی دولت واپس لائی جائے۔ پاکستانیوں کے بیرونِ ملک کاروبار، جائیدادیں اور بینک اکاؤنٹس ہیں ، جن لوگوں نے قومی وسائل لوٹ کر یا ٹیکس بچانے کے لیے دولت بیرونِ ملک منتقل کردی ایسی دولت وطن عزیز میں لانے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

اسی طرح کھربوں روپے ملک کے نامور شرفا نے قرضوں کی شکل میں بینکوں سے لیے اور بعد میں قرض معاف کرا لیے۔ بینکوں سے بھاری قرضے لینے اور پھر انھیں سیاسی وابستگی کی بنیاد پر معاف کرانے کی داستان بڑی طویل ہے۔ حالیہ برسوں میں پاکستان میں جی ڈی پی میں کمی آئی ہے اور فی کس شرح کم ہوئی ہے۔

پاکستان کی برآمدات میں 10 سال کے عرصے میں نمو منفی رہی ہے۔ اب بھی حالات اچھے نہیں ہیں۔ حکومت کی غیر معقول پالیسیوں اور صنعت کو پیش کی جانے والی پیچیدہ مراعات کی وجہ سے برآمدات بھی متاثر ہوتی ہیں۔

قومی معیشت کی بحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ سیاسی عدم استحکام ہے۔ ہمارے ہاں سیاست اْس مقام تک جا پہنچی ہے جہاں سیاسی عدم استحکام کے سوا کوئی اور نتیجہ نظر نہیں آ رہا۔ پاکستان کا استحکام آئین و قانون کی حقیقی بالا دستی میں ہی پوشیدہ ہے اور اس ضرورت کو یقینی بنانے کے لیے عارضی، ناپائیدار فیصلوں اور اقدامات کے بجائے طویل المدتی اور مستحکم پالیسیاں اختیار کیے جانے کی ضرورت ہے۔

ملک میں جو سیاست ہورہی ہے، اسے کسی طرح بھی سراہا نہیں جاسکتا اور نہ ہی اسے جمہوری اصولوں سے ہم آہنگ قرار دیا جاسکتا ہے۔ریاست کی خارجہ اور داخلہ پالیسیاں معروضی حالات کے مطابق نہیں ہیں۔ ریاست کے ادارہ جاتی ڈھانچے کی اوورہالنگ کی ضرورت ہے۔

سرد جنگ کے دوران ملک میں جس سیاسی قیادت کو پروان چڑھایا گیا،وہ بدلتے ہوئے حالات کے تقاضوں کو سمجھنے کی اہلیت نہیں رکھتی،ملک کا انتظامی ڈھانچہ بھی متاثر ہوا ہے،ایوب خان کے دور سے نظام تعلیم سے چھیڑ چھاڑ شروع ہوئی، ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت میں نصاب تعلیم میں مخصوص نوعیت کی تبدیلیوں کی رفتار مزید تیز ہوئی، ضیاء الحق کے دور میں نصاب تعلیم یکسر تبدیل ہوگیا جو اب بھی جاری ہے۔

پاکستان کی مڈل کلاس کا مائنڈ سیٹ اسی نظام تعلیم کا پرتو ہے،پاکستان کے حکمران اور خوشحال طبقوں کی اولادیں جن درسگاہوں میں پڑھیں،وہاں پاکستان کے کراس روٹ کلچر کو پڑھایا ہی نہیں جاتا، یہ طبقے شناخت کے بحران سے دوچار ہیں جب کہ مڈل کلاس اپنی شناخت بدل چکی ہے لہٰذا پاکستان میں حب الوطنی کے زاویے مختلف ہوگئے ہیں۔

پاکستان کی سیاست، معاشرت اور معیشت کو سردجنگ کے نظریات سے نکالنا بہت ضروری ہے۔ایوب خان اور ضیاالحق کے دور تک جو سیاسی قیادت پروان چڑھی ،اب وہ ملک چلانے کی صلاحیت سے محروم ہوچکی ہے،ریاست کے اداروں کو سنبھالنے والی افسر شاہی اور نظام عدل نئے سوچ وفکر کی راہ میں رکاوٹ بن چکے ہیں۔معیشت اور سیاست پر انتہاپسندی کی چھاپ گہری ہے، اسے دور کیے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں