ویسپا مکینک اپنے ہنر سے پاکستان کا گمنام سفیر بن گیا

شیخ محمد آصف نے 60سال پرانی ویسپااسکوٹرز کو نئی زندگی دی،ویسپابنانے والے ملک اٹلی کے شوقین بھی داد دیے بغیر نہ رہ سکے


Kashif Hussain December 26, 2022
اٹلی کے سفارتکارنے ان کی ویسپا دیکھ کرخریدنے کی خواہش ظاہرکی۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی کا اسکوٹر مکینک اپنے ہنر اور صلاحیتوں سے پاکستان کا گمنام سفیر بن گیا۔

60سال پرانی ویسپا اسکوٹرز کو اپنے فن سے ایسی نئی زندگی دی کہ ویسپا بنانے والے ملک اٹلی کے شوقین بھی داد دیے بغیر نہ رہ سکے، شیخ محمد آصف کی بنائی گئی ویسپا اسکوٹرز اٹلی، جرمنی، بیلجیئم، سوئیڈن اور امریکا سمیت یورپی ملکوں میں پاکستانی ہنرمندوں کی مہارت اجاگر کرنے کا ذریعہ بن رہی ہیں۔

کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں اپنے گھر کے نچلے حصے میں ورکشاپ چلانے والے شیخ محمد آصف 35 سال سے ویسپا اسکوٹر کے عشق میں مبتلا ہیں اسکوٹر سے عشق نے ہی انھیں مکینک بنادیا، اپنے کام سے لگن اور ایمانداری نے ان کے فن کو چار چاند لگادیے۔

سال2000 میں کراچی کے پوش علاقے کی ایک سڑک سے گزرتے ہوئے اٹلی کے قونصل خانے کے اعلیٰ افسر کی نظر شیخ محمد آصف کے زیر استعمال ویسپا نے قونصل خانے کے اعلیٰ افسر کو رکنے پر مجبور کردیا، اگلے روز قونصل خانے میں مدعو کیا گیا اور ویسپا کی تعریف کرتے ہوئے اس قسم کی ویسپا پاکستان میں خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کردیا۔

شیخ محمد آصف کی مہارت اور کام کے انداز کو قریب سے دیکھنے کے لیے مذکورہ سفارتکار نے ان کی ورکشاپ کا دورہ کیا اور نہ صرف خود ان کی تیار کردہ اسکوٹر خریدیں بلکہ اٹلی کی پاکستان میں کام کرنیوالی کمپنیوں سے بھی اسکوٹرز تیار کروائیں۔

شیخ محمد آصف کے مطابق ان کی تیار کردہ 30سے زائد ویسپا اسکوٹرز یورپی ملکوں کو ایکسپورٹ کی گئیں یہ اسکوٹرز ان کے سفارتخانوں کی وساطت سے خریدی اور ایکسپورٹ کی گئیں اور ان کے مالکان اب بھی ان کی تیار کردہ اسکوٹرز سے لطف اندوز ہونے کی وڈیوز ان کو بھیج کر ان کے فن کی داد دیتے ہیں۔



بیرون ملک سے ویسپا کے پرزے منگوانا بہت مہنگا پڑرہا ہے

شیخ محمد آصف کے مطابق حالیہ معاشی بحران اورمہنگائی کی وجہ سے ویسپا اسکوٹرز کی بحالی کا کام بھی متاثر ہورہا ہے بیرون ملک سے پرزے منگوانا بہت مہنگا پڑرہا ہے اس لیے اب یہ کام تقریباً رک سا گیا ہے، جب یہ کام عروج پر تھا تو سال میں 10سے 12 ویسپا اسکوٹرز تیار کرلیتے تھے اب بمشکل سال میں ایک دو ہی بنائی جارہی ہیں، مہنگائی کی وجہ سے ویسپا کی ریسٹوریشن پر بہت خرچہ آرہا ہے اور شوقین افراد بھی پیسہ لگانے سے گریز کررہے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ ان دنوں کلاسک گاڑیوں کا کلیکشن رکھنے و الے افراد ان سے گاڑیاں تیار کروارہے ہیں۔

ویسپاکی مکمل بحالی میںڈھائی لاکھ تک کاخرچہ آتا ہے

ویسپا اسکوٹرز کی ریسٹوریشن مشکل اور مہنگا شوق ہے ایک ویسپا کی مکمل بحالی میں دو سے ڈھائی لاکھ روپے کا خرچ آتا ہے پرزے تلاش کرنا مشکل کام ہے جس میں کئی ماہ لگ جاتے ہیں، اٹلی کے خریدار اٹلی سے پرزے منگواتے ہیں جس سے یہ مشکل قدرے آسان ہوجاتی ہے لیکن پرزے باہر سے منگوانے پر بہت خرچ آتا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ مقبول ماڈلز کی ویسپا اب نایاب ہوچکی ہیں زیادہ تر کباڑ کی شکل اختیار کرچکی ہیں جن کی ملکیتی دستاویزات بھی مشکل سے ملتی ہیں ان کے خریدار تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کے بعد ویسپا خریدتی ہیں اس لیے مکمل ملکیتی دستاویزات کی حامل ویسپا تلاش کرنا ہوتی ہیں جو کافی مشکل سے ملتی ہیں۔

غیرملکی خریدار اپنے شوق کے لیے ویسپا تیار کرواتے ہیں بہت کم ہی فروخت کرتے ہیں، غیرملکی خریداروں کے علاوہ پاکستان میں بھی ویسپا کے مداح مقبول ماڈلز شوق سے ری اسٹور کرواتے ہیں اور بعض ویسپا اسکوٹرز کی بحالی پر پانچ لاکھ روپے تک خرچ کرچکے ہیں تاہم ملکی خریداروں کی تعداد غیرملکی خریداروں سے کافی کم ہے۔

کلاسک اوراینٹیک درجہ رکھنے والی ویسپا تیارکی ہیں

شیخ محمد آصف نے بتایا کہ وہ زیادہ تر 1962 1964 اور 1965ماڈل کی ویسپا تیار کرتے ہیں جو کلاسک اور اینٹیک کا درجہ رکھتی ہیں اور اپنے منفرد اور دلکش ڈیزائن کی وجہ سے دنیا بھر میں پسند کی جاتی ہیں، اٹلی کے شوقین افراد اس ماڈل کی ویسپا کو اپنے نایاب فن پاروں کے کلیکشن کا حصہ بناتے ہیں اور مردوں سے زیادہ خواتین اس پر سواری کرکے لطف اندوزہوتی ہیں یہی وجہ ہے کہ جو ویسپا انھوں نے تیار کرکے اٹلی بھیجیں ان کو زیادہ تر خواتین چلاتی ہیں اور ویسپا کے ساتھ اپنی تصاویر اور وڈیوز بنانا پسند کرتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ غیرملکی شوقین افراد ان کی تیار کردہ ویسپا دیکھ کر دنگ رہ جاتے ہیں اور کام کے معیار کی تعریف کرتے ہیں آج تک بیرون ملک بھجوائی جانے والی کسی بھی ویسپا میں کوئی تکنیکی شکایت موصول نہیں ہوئی۔

پاکستانی ہنرمندوں کے کام کو بین الاقوامی سطح پرسراہاجاتاہے

شیخ محمد آصف کے مطابق ان کے غیرملکی خریدار جب ان کی تیار کردہ ویسپا اسکوٹرز کی وڈیوز اور تصاویر انہیں بھیجتے ہیں تو ان کا سر فخر سے بلند ہوجاتا ہے کہ ایک پاکستانی مکینک کے کام پر دنیا اعتبار کرتی ہے اور پاکستانی ہرمندوں کے کام کو بین الاقوامی سطح پر سراہا جاتا ہے جس سے دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہورہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹے کو بھی یہ فن اور ہنرمنتقل کرچکے ہیں فطری طور پر ان کا بیٹا بھی ویسپا اسکوٹرز سے لگاؤ رکھتا ہے اور اب ریسٹوریشن کے زیادہ تر کاموں میں بیٹا ہی ان کا مددگار ہوتا ہے۔

ویسپا اسکوٹرزکی ریسٹوریشن کے کام کا مستقبل روشن ہے،شیخ عمر

شیخ محمد عمر کے بیٹے شیخ محمد عمر کا کہنا ہے کہ ویسپا اسکوٹرز کی ریسٹوریشن کے کام کا مستقبل روشن ہے اس کے ذریعے دنیا کے سامنے پاکستان کا پرامن چہرہ سامنے لانے اور پاکستانی ہنرمندوں کی مہارت کاکو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی، شیخ محمد عمر نے بتایا کہ انھوں نے آٹو انجینئرنگ میں ڈپلومہ مکمل کیا ہے اور وہ اس شعبہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے اس کام کو جدت دینے کے خواہش مند ہیں۔

شیخ محمد عمر نے بتایا کہ ان کی تیار کردہ ویسپا اسکوٹرز کو مقامی سطح پر بھی بہت زیادہ سراہا جاتا ہے ویسپا اسکوٹرز میں نوجوان بہت زیادہ دلچسپی لیتے ہیں اور اس کے ساتھ تصاویر بناکر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہیں اور ان کے کام کی تعریف کرتے ہیں جس سے انھیں بہت خوشی ہوتی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |