چیف سلیکٹر راشد لطیف تگڑے آدمی ہیں اوران کے ہوتے ہوئے سفارشی کلچر نہیں چلے گا نجم سیٹھی
چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ کرکٹ ٹیم میں کوئی گروپ بندی نہیں جبکہ کپتان محمد حفیظ نے شکست کی ذمہ داری قبول کر کے اچھی مثال قائم کی۔
لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ جیسی ٹیمیں بھی ایونٹ سے باہر ہوگئیں لیکن وہاں اتنا ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا جتنا کہ پاکستانی عوام کی جانب سے دیکھنے کو ملا، قومی ٹیم سیمی فائنل میں رسائی حاصل نہ کرسکی البتہ ایونٹ میں ٹیم نے پانچویں پوزیشن حاصل کی، نجم سیٹھی نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف شکست سے کپتان، سلیکشن کمیٹی اورکھلاڑیوں کی غلطیاں سامنے آگئیں تاہم میچ سے قبل سب کھلاڑیوں کی سلیکشن پرمتفق تھے لیکن میچ میں خامیاں دیکھنے کو ملیں۔
چیرمین پی سی کا کہنا تھا کہ عبوری سلیکشن کمیٹی کی مدت 2 ماہ کےلئے تھی جو ختم ہوگئی اور اس میں توسیع نہیں کی جائے گی جبکہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے قبل نئی کمیٹیاں بنائی جائیں گی جس کے لئے چار پانچ مہینے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی سلیکشن کمیٹی میں چیف سلیکٹر راشد لطیف کو مقرر کیا گیا ہے جو تگڑے آدمی ہیں جن کے آنے سے سفارشی کلچر ختم ہوجائے گا۔