کسٹم نے کراچی ائرپورٹ پر مسافر سے 65 آئی فونز، 6 لیپ ٹاپ اور 10 ٹی وی باکس برآمد کرلیے، سامان کی کل مالیت 71 لاکھ روپے ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کسٹم کلکٹوریٹ نے کراچی ائرپورٹ پر 71 لاکھ روپے مالیت کے موبائل فونز کی اسمگلنگ ناکام بنادی، جناح ٹرمینل بین الاقوامی لاؤنج میں تعینات عملے نے خلیجی ملک کی ائرلائن کے مسافر مطیب کو شک کی بنا پر روکا، عملے کی جانب سے بازپرس کے دوران جواب سے غیر مطمئن ہونے پر مسافر کے سامان کی اسکینگ کی گئی تو اس دوران بیگ میں موبائل فونز کی نشاندہی ہوئی۔
حکام نے مسافر کے بیگ سے 65 عدد آئی فونز اور موبائل چارجر برآمد کرلیے۔ مسافر کے سامان سے 6 لیپ ٹاپ اور 10 عدد ٹی وی باکس ڈیوائسز بھی برآمد ہوئیں، اس تمام سامان کی مالیت 71 لاکھ 10 ہزار روپے بنتی ہے۔
چیف میڈیا کسٹمز قمر تھلو کے مطابق مسافر کے خلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا، مجاز عدالت سے ریمانڈ حاصل کرکے ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔