تائیوان اور امریکا کے عسکری تعاون کے جواب میں چین کا اپنی ’جنگی‘ طاقت کا مظاہرہ
چین نے 71 جنگی طیاروں اور 7 بحری جہازوں تائیوان کی حدود میں داخل کرکے اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کیا، تائیوان
تائیوان کی وزارت دفاع کے مطابق چین نے 71 جنگی طیاروں اور 7 بحری جہازوں تائیوان کی حدود میں داخل کرکے اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق 47 چینی طیاروں نے ابنائے تائیوان کی حدود کو عبور کیا اور 24 گھنٹے تک 'اشتعال انگیزی' کا مظاہرہ کرتے رہے اور ان جنگی طیاروں میں جے 16، جے 18، جے ون اور جے 11 سمیت 6 ایس یو 30 فائٹر اور ڈرون بھی شامل تھے۔
وزارت دفاع نے کہا کہ اس نے اپنے زمینی میزائل سسٹم کے ساتھ اپنی بحریہ کے جہازوں کے ذریعے چین کی نقل و حرکت کی نگرانی کی۔ تائیوان کو اپنی سرزمین تصورکرنے والے چین نے کہا کہ اس نے خود مختار جزیرے کے ارد گرد سمندر اور فضائی حدود میں "مشترکہ جنگی تیاری کے گشت اور مشترکہ فائر پاور اسٹرائیک مشقیں" کی ہیں۔
پیپلز لبریشن آرمی نے کہا کہ یہ مشقیں "موجودہ امریکا-تائیوان کشیدگی اور اشتعال انگیزی کا سخت ردعمل" ہیں۔