’’مجھے کیوں نکالا‘‘ رمیز راجہ نئی انتظامیہ پر برس پڑے

سیٹھی کو لانے کیلیے پورا آئین بدل دیا گیا، چوہدراہٹ کیلیے آئے، سابق چیئرمین


Sports Reporter December 27, 2022
کرکٹ سے کوئی لینا دینا نہیں،سیاست کا بورڈ میں عمل دخل نہیں ہونا چاہیے، سابق چیئرمین۔ فوٹو: پی سی بی

''مجھے کیوں نکالا'' رمیز راجہ نئی کرکٹ انتظامیہ پر برس پڑے، انھوں نے کہا کہ نجم سیٹھی کو لانے کیلیے پورا آئین ہی بدل دیا گیا۔

رمیز راجہ پی سی بی سے نکالے جانے پر سخت مایوس ہیں، انھوں نے سوشل میڈیا پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں لوگ باہر سے آکر حملہ آور ہوتے ہیں، نجم سیٹھی کو لانے کیلیے پورا آئین ہی بدل دیا گیا، یہ صرف پاکستان میں ہی ہوتا ہے کہ سیاسی بھرتی کیلیے آئین تبدیل کردو، سیاست کا کرکٹ بورڈ میں بالکل عمل دخل نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی چوہدراہٹ کیلیے پی سی بی میں آئے، ان کا کرکٹ سے کچھ لینا دینا نہیں ہے،انھوں نے کبھی بیٹ نہیں پکڑا،میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلا ہوا ہوں،وہ رات کو سوا 2 بجے ٹویٹ کر رہے ہیں کہ رمیز راجہ باہر ہوگئے مجھے مبارکباد دیں،ایسے لگا جیسے کوئی مسیحا آگئے، آپ کو چبھن ہوتی ہے، کرکٹ کرکٹرز کی گیم ہے، پلیئنگ فلیڈ ہے۔

سابق چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ جب نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان آرہی تھی تو چیف سلیکٹر بدل دیا، سیزن کے درمیان میں ہی کہہ رہے ہیں کہ مکی آرتھر کو لے کر آئیں گے، یہ طریقہ نہیں کہ کافی ٹیسٹ کھیلنے والے کرکٹرز کو باہر نکال دیں، گھر بھیجنے کا بھی طور طریقہ ہوتا ہے، عزت کے ساتھ بھیجا جاتا۔

انھوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے ساتھ چھیڑ خانی کرنا خطرے سے خالی نہیں،مجھے ڈر ہے بہت زیادہ تبدیلیاں کرنے سے ٹیم کی یکجہتی ختم نہ ہوجائے، کامیابیاں آسانی سے نہیں ملتیں، ہمارا اسٹرائیک ریٹ بہترین چل رہا ہے، اپنے کھلاڑیوں کو اعتماد میں لینا چاہیے، امید ہے 12 ماہ میں فاسٹ بولرز کیلیے سازگار پچز بنائی جائیں گی، اگر پاکستان جونیئر لیگ بند ہوئی تو اس سے زیادہ کوئی اور خراب چیز نہیں ہوسکتی، پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ میں پی جے ایل سے 7 نوجوان کرکٹرز کو منتخب کیا گیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں