کوچنگ کیلیے مکی آرتھر کی مصروفیات آڑے آنے لگیں

بورڈ نے سابق کوچ سے 3نام مانگ لیے،8 سے 10روز میں فیصلہ ہوگا، نجم سیٹھی

بھارت سے کھیلنے کے معاملے پر فیصلہ حکومتوں کا ہی ہوگا،چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی۔ فوٹو: فائل

پاکستان ٹیم کی کوچنگ کیلیے پہلے انتخاب مکی آرتھر کی مصروفیات آڑے آنے لگیں۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو میں ہی لایا تھا، انہوں نے اچھی کارکردگی دکھائی اور پاکستان ٹیم ٹاپ پر آئی تھی،کرکٹرز میں ڈسپلن تھا اور سب بہت محنت کررہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کی صلاحیتوں میں نکھار سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر ہی لائے،وہ ہمارے کرکٹرز کے مزاج اور ٹیلنٹ کو اچھی طرح جانتے ہیں، ان سے رابطہ کیا ہے، مکی آرتھر ڈربی شائرکے ساتھ مصروف ہیں، ان سے 3 نام مانگے ہیں،8 سے 10روز میں ہم کسی نتیجے تک پہنچ جائیں گے، عبوری سلیکشن کمیٹی کی کارکردگی دیکھ کر آئندہ کا فیصلہ کریں گے۔


انھوں نے کہا کہ بابر اعظم پاکستان کے اسٹار ہیں، وہ نہیں تو ٹیم کچھ نہیں، وہ ہمارے دلوں میں ہیں، ان کے بغیر مزہ نہیں آئے گا، کپتانی سمیت ٹیم کے معاملات کرکٹ کے ماہر لوگوں پر چھوڑوں گا۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ ہم پچز پر کسی مصلحت سے کام نہیں لیں گے، ماضی میں بھی کمیٹی تشکیل دی تھی، ماہرین کو لائیں گے،اگلے برس تک اچھے نتائج سامنے آسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت سے کھیلنے کے معاملہ پر فیصلہ حکومت ہوگا، بھارتی کرکٹ بورڈ اپنی حکومت کی بات مانتا ہے، پہلے بھی کہا تھا کہ بھارتی ٹیم اگر پاکستان نہیں آئی تو ہم بھی نہیں جائیں گے، فیصلہ حکومت ہی کرے گی، ایشیا کپ کا معاملہ ایشین کرکٹ کونسل میں دیکھیں گے کہ صورتحال کیا ہے،ہمیں ایسا فیصلہ کرنا ہے کہ خود بھی تنہا نہ رہیں۔ چیمپئنز ٹرافی کیلیے طویل المدتی منصوبہ بندی کریں گے۔
Load Next Story