اندھے قتل کا ڈراپ سین دولت کی ہوس میں بیٹا ہی باپ کا قاتل نکلا
باپ کروڑ پتی تھا مجھے کچھ نہیں دیتا تھا، پیسوں کے لالچ میں قتل کردیا، ناخلف بیٹے کا اعتراف جرم
ایک ہفتہ قبل ہونے والے اندھے قتل کا ڈراپ سین ہوگیا، جس میں دولت کی ہوس میں بیٹا ہی اپنے باپ کا قاتل نکلا۔
تھانہ بی ڈویژن کے علاقے شیخ بھاگو میں پولیس نے تحقیقات کرکے اندھے قتل کا سراغ نکال لیا، جس میں بیٹا ہی اپنے والد کا قاتل نکلا جب کہ ملزم نے دوران تفتیش اعتراف جرم بھی کرلیا۔ پولیس نے آلہ قتل پستول برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کے مطابق ایک ہفتہ قبل صغراں بی بی نے اپنے شوہر خادم حسین کے قتل کا مقدمہ درج کروایا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ 3 نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے میرے خاوند کو قتل کر دیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس حکام جائے وقوع پر پہنچے اور کرائم سین یونٹ و فرانزک ٹیموں کو شواہد اکٹھے کرنے کے لیے طلب کرلیا گیا۔ بعد ازاں پولیس نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے انتہائی قلیل وقت میں بیٹے کو گرفتار کر لیا۔
ڈی ایس پی سٹی کے مطابق ملزم امداد حسین پہلے مدعی بننے اور بعد میں پوسٹ مارٹم کے بغیر اپنے والد کو دفنانے کی کوشش کرتا رہا۔ دوران تفتیش ملزم نے اعتراف کیا کہ والد کروڑ پتی تھا، مجھے کچھ نہیں دیتا تھا۔ دولت کی ہوس میں آ کر والد کو قتل کردیا۔