استعفوں کی تصدیق کیلیے پی ٹی آئی کا وفد آج اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کریگا

ہمارے ارکان قومی اسمبلی کا اجلاس کے پی ہاؤس میں ہوگا، ہم استعفوں کی تصدیق کے لیے بھی جائیں گے، فواد چوہدری


ویب ڈیسک December 27, 2022
(فوٹو فائل)

تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق کے معاملے پر پی ٹی آئی وفد آج اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کرے گا۔

پی ٹی آئی کے سابق چیف وہپ عامر ڈوگر نے ارکان اسمبلی کے استعفوں کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی سے رابطہ کیا، جس میں طے پایا ہے کہ پی ٹی آئی پارلیمانی وفد کل اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کرے گا، جس میں شاہ محمود قریشی،عامر ڈوگر،اسدعمر،فواد چودھری، اسد قیصر اور پرویز خٹک شامل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: استعفوں کی تصدیق؛ پی ٹی آئی ارکان 28 دسمبر کو قومی اسمبلی جائیں گے

ملاقات میں پی ٹی آئی وفد اسپیکر قومی اسمبلی سے اپنے ارکان کے استعفوں کی تصدیق کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ عامر ڈوگر نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ارکان اسمبلی کے استعفوں کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی سے رابطہ ہوا ہے، ان کے بیرون ملک دورہ کے لیے روانگی کے باعث آج پیش ہونے کا پلان ملتوی کیا گیا، تاہم اسپیکر کی درخواست پر پی ٹی آئی وفد کل ان سے ملاقات کرے گا۔

عامر ڈوگر نے کہا کہ اسپیکرسے ملاقات میں ارکان کے استعفوں پر اپنا مؤقف پیش کرنے کے ساتھ ارکان کے استعفوں کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی سے تاریخ طے کریں گے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کا کہنا ہے کہ ہم جب بھی اسپیکر کے سامنے پیش ہونے کا کہتے ہیں، وہ بھاگ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ارکان قومی اسمبلی کااجلاس کے پی ہاؤس میں ہوگا ۔ ہم تو استعفوں کی تصدیق کے لیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: ارکان اسمبلی کے استعفوں کی ایک ساتھ تصدیق نہیں کی جاسکتی، قومی اسمبلی سیکریٹریٹ

دریں اثنا ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی نے استعفوں کی تصدیق کے لیے اسپیکر کی عدم موجودگی کے باوجود اسپیکر آفس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کا اجلاس کے پی ہاؤس اسلام آباد میں ہوگا، جس میں پارٹی چیئرمین عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب بھی کریں گے۔

خیبر پختونخوا ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی اپنے استعفوں کی منظوری سے متعلق لائحہ عمل پر مشاورت کریں گے۔

قبل ازیں اطلاعات تھیں کہ تحریک انصاف کا استعفوں کی تصدیق کے لیے آج قومی اسمبلی جانے کا پلان ایک بار پھر ملتوی ہوگیا اور یہ فیصلہ اسپیکر قومی اسمبلی کی عدم دستیابی کے باعث کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں پی ٹی آئی ارکان خیبر پختونخوا ہاؤس آج اسلام آباد میں بھی جمع نہیں ہوں گے، جہاں پارٹی چیئرمین عمران خان نے خطاب کرنا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں