بلوچستان کے عوام کو دھمکانے کے بجائے گلے لگانے کی ضرورت ہے سراج الحق

گوادر کو حق دو تحریک کے تحت دھرنے پر پولیس تشدد کی شدید مذمت کرتے ہیں، امیر جماعت اسلامی پاکستان


Khabar Nigar December 28, 2022
گوادر کو حق دو تحریک کے تحت دھرنے پر پولیس تشدد کی شدید مذمت کرتے ہیں، امیر جماعت اسلامی پاکستان

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی احتساب کی مخالف ہیں، خزانہ اورتوشہ خانہ کو سب نے لوٹا۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اسلامی نظام کی ضرورت ہے۔ کرپشن فری اسلامی فلاحی پاکستان کی منزل کے حصول کے لیے قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔

سراج الحق نے کہا کہ بلوچستان کے عوام میں محرومیوں کا احساس شدت اختیار کر رہا ہے اور یہ لاوا کسی وقت بھی پھٹ سکتا ہے۔گوادر کے رہائشی طویل عرصہ سے اپنے جائز حقوق مانگ رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ "گوادر کو حق دو تحریک" کے تحت گزشتہ کئی ماہ سے دھرنا جاری رہا، بیچ میں حکومت نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ ان کے تمام مطالبات پورے ہوں گے، مگر معاہدے پر عمل درآمد نہیں ہوا جس کے نتیجے میں گزشتہ دو ماہ سے دوبارہ دھرنا جاری تھا کہ تین روز قبل پرامن مظاہرین پر پولیس نے دھاوا بول دیا انھیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور گرفتار کیا گیا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی حکمرانوں کے اس غیر آئینی، غیر جمہوری ظالمانہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے، گوادر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ صوبہ کے عوام کو ڈرانے، دھمکانے اور دبانے کی بجائے گلے لگانے کی ضرورت ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ 14رکنی پی ڈی ایم اتحاد اور پی ٹی آئی بلوچستان، کراچی سمیت ملک بھر کے مسائل اور معاشی تباہی میں برابر کی ذمہ دار ہے۔

امیر جماعت نے کہا کہ سودی معیشت اور کرپشن ختم ہو جائے تو ملک معاشی دلدل سے باہرنکل آئے گا،مگر حکمران طبقہ کی نیت ٹھیک نہیں، یہ سود کے خاتمہ کے لیے تیار ہیں نہ احتساب کے نظام کو موثر بنانا چاہتے ہیں۔

علاوہ ازیں امیر جماعت سراج الحق کی اپیل پر ملک کے صوبائی دارالحکومتوں میں گوادر مظاہرین پر پولیس کریک ڈاؤن،تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف مظاہرے کیے گئے، جبکہ جمعہ کو ملک گیر احتجاج ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں