کراچی چائے کے ہوٹل پر بیٹھے 20 سے زائد افراد کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا

تین ڈاکو کلاشنکوف تھامے چائے کے ہوٹل پر آئے، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

اسکیرن گریب

گلشن اقبال تھانے سے چند گز کے فاصلے پر واقع کے ڈی اے مارکیٹ میں چائے کے ہوٹل کے باہر فٹ پاتھ پر لگی کرسیوں پر بیٹھے 20 سے زائد شہریوں کو ڈاکوؤں نے سرعام لوٹ لیا۔

منگل اور بدھ کی درمیانی شب تین ڈاکو بڑا اسلحہ (کلاشنکوف) تھامے چائے کے ہوٹل پر آئے، ایک ڈاکو نے بڑا اسلحہ دکھا کر ہوٹل کے باہر کرسیوں پر بیٹھے شہریوں کو لوٹ لیا جو فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا گیا۔

واقعے کے بعد متاثرہ افراد نے تھانے کے باہر احتجاج بھی کیا لیکن پولیس نے گشت بڑھانے کے بجائے ہوٹل کو ہی بند کر دیا، متاثرہ ہوٹل سے چند قدم کے فاصلے پر دو ہفتے قبل بھی ایک ہوٹل پر بیٹھے شہریوں کو لوٹ لیا گیا تھا، واردات سے متعلق گلشن اقبال پولیس نے کوئی موقف نہیں دیا۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ مقامی افراد جیب میں ایک گٹکا بھی لے کر جائیں تو پولیس کو معلوم ہو جاتا ہے جبکہ شہر بھر میں گٹکا، ماوا اور منشیات کھلے عام فروخت کی جا رہی ہے جس کے پولیس مبینہ طور پر لاکھوں روپے ہفتہ بھتہ بھی وصول کر رہی ہے۔




شہریوں کا کہنا تھا کہ پہلے منشیات کی فروخت کے حوالے سے صرف لیاری مشہور تھا، منشیات کا استعمال کرنے والے خریداری کے لیے لیاری جایا کرتے تھے جبکہ اب تو پوش علاقے جس میں کلفٹن اور گلشن اقبال کے علاوہ سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی، ملیر کے بیشتر علاقے، گلستان جوہر، پی آئی بی کالونی، لیاقت آباد، رضویہ سوسائٹی اور پورا ڈسٹرکٹ ویسٹ ہے جہاں منشیات اور گٹکا ماوا کھلے عام فروخت کیا جا رہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ متعدد علاقے ایسے بھی ہیں جہاں اہم شخصیات کی سرپرستی میں گٹکا ماوا کا کام چل رہا ہے جبکہ چھالیہ کے اسمگلنگ میں غیر ملکی (افغانی باشندے) ملوث ہیں جو اندرون ملک سے آنے والے بسوں سے چھالیہ اسمگل کر کے کراچی میں کھارادر کے علاقے میں جوڑیا بازار میں لا کر کھلے عام فروخت کر دیتے ہیں جبکہ وہاں سے ایک اور دو کلو خرید کر لے جانے والے کو پولیس پکڑ کر چھالیہ کا اسمگلر ظاہر کرے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیتی ہے۔

اسی طرح، گزشتہ روز نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی پر واقع میڈیکل اسٹور میں ڈکیتی کی واردات ہوئی جس کی سی سی ٹی فوٹیج ایکسپریس نیوز نے حاصل کرلی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دو مسلحہ ملزمان کو میڈیکل اسٹور میں داخل ہوتے دیکھا گیا ہے، ملزمان کو میڈیکل اسٹور کے کیش کاؤنٹر سے نقدی، موبائل فون جمع کرتے ہوئے فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا گیا۔

ملزمان نقدی کے ساتھی میڈیکل اسٹور سے دیگر قیمتی اشیا بھی پلاسٹک کی تھیلی میں بھر کر دکان سے بآسانی فرار ہوگئے۔
Load Next Story