مہنگا دودھ بیچنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز

ابتدا میں گرفتاریوں کے علاوہ جرمانے کیے جارہے ہیں، دودھ سپلائی کرنےوالی گاڑیاں بھی ضبط کرلی جائیں گی،کمشنر شعیب صدیقی


Business Reporter April 04, 2014
کراچی کی انتظامیہ نے مہنگا دودھ سپلائی اورفروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے. فوٹو: فائل

دودھ کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ ناقابل برداشت ہے، معاشی دہشت گردی کرنے والے ڈیری فارمرز، تھوک وخوردہ فروشوں کیخلاف کریک ڈائون کا آغاز کردیا گیا، ڈالر کی قدر اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد دودھ کی قیمتوں میں بھی کمی کی ضرورت ہے.

یہ بات کمشنر کراچی شعیب صدیقی نے جمعرات کو کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجرو صنعتکاروں سے خطاب اور صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہی، انھوں نے کہا کہ کراچی کی انتظامیہ نے مہنگا دودھ سپلائی اورفروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے، ابتدا میں کچھ گرفتاریوں کے علاوہ جرمانے بھی عائد کیے جارہے ہیں جبکہ بعد ازاں دودھ سپلائی کرنے والی گاڑیوں کو بھی ضبط کیا جائے گا، شعیب صدیقی نے کہا کہ کمشنرآفس یومیہ بنیادوں پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لے رہا ہے اور ملک کے دیگر شہروں کی نسبت کراچی میں سال کے12مہینوں میں پرائس کنٹرول کمیٹی متحرک رہتی ہے، وزیراعلیٰ سندھ بھی ماہوار بنیادوں پر پرائس کنٹرول کمیٹی کی رپورٹ طلب کرتے ہیں، انھوں نے بتایا کہ اگر ریٹیلرز تھوک فروشوں اور ڈیری فارمرز کی من مانیوں کا حصہ نہ بنیں تو کوئی طاقت بھی دودھ کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ نہیں کرسکتی۔

یہی وجہ ہے کہ انسداد گراں فروشی کے مہم میں سب سے زیادہ ریٹیلرز انتظامیہ کی زد میں آتے ہیں، اس موقع پر انھوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ ناجائز منافع خوری سے گریز کریں اور پرائس کنٹرول کمیٹی میں کراچی چیمبر کے ایک نمائندے کو بھی شامل کرنے کا اعلان کیا، انھوں نے بتایا کہ شہر میں تجاوزات کیخلاف جاری مہم عوامی مطالبے پر شروع کی گئی ہے کیونکہ فلائی اوورز اور سڑکوں پر تجاوزات بڑھ گئے ہیں جو ٹریفک کی روانی کو بھی متاثر کررہے ہیں، انھوں نے کہا کہ اگرشہر گنجان آباد تجارتی ورہائشی علاقوں میں قائم عمارتوں میں پارکنگ فلورز بحال نہ کیے گئے تو مستقبل میں ٹریفک شہر کا ایک بڑا مسئلہ بن کر ابھرے گا۔

ڈپٹی کمشنر جنوبی مصطفی جمال قاضی نے کہا کہ تاجربرادری کی آپس میں ہم آہنگی نہ ہونے کی وجہ سے شہری انتظامیہ کو مسائل حل کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ تاجربرادری کے نمائندے شکایتیں کرنے کے بجائے مسائل کی نشاندہی کرنے اور انھیں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے حل کرنے کا بیڑہ اٹھائیں،ضلع جنوبی میں قائم شاپنگ سینٹر کے بیسمنٹس میں خود تاجروں نے اپنی دکانیں کھولی ہوئی ہیں جو باعث تشویش ہے، انھوں نے بتایا کہ کچھ تاجرتنظیمیں بھی مختلف ناموں سے بھتوں کی وصولیاں کررہے ہیں جن کے نام راز میں رکھے گئے ہیں، اس موقع پر کراچی چیمبر کے صدر ادریس میمن، اے کیو خلیل، انجم نثار ، رفیق جدون، جاوید ارسلا خان، حاجی ہارون رشید چاند ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |