2022 بیتے برس کا البم جولائی اگست

ادارہ شماریات پاکستان کے مطابق جون میں مہنگائی کی شرح 30.31 تک پہنچ گئی

فوٹو : فائل

جولائی ... اگست

یکم جولائی

مہنگائی میں اضافہ

ادارہ شماریات پاکستان کے مطابق جون میں مہنگائی کی شرح 30.31 تک پہنچ گئی۔ یہ پاکستان میں پچھلے تیرہ سال کے دوران مہنگائی کی بلند ترین شرح تھی۔ ماہرین معاشیات کے مطابق خوراک اور ایندھن کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی نے جنم لیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب

سپریم کورٹ پاکستان نے حکم دیا کہ 22 جولائی کو پنجاب صوبائی اسمبلی میں وزیراعلٰی منتخب کرنے کا الیکشن کرایا جائے۔ یہ حکم سبھی جماعتوں نے تسلیم کرلیا۔ 22 جولائی کو الیکشن ہوا۔ تحریک انصاف ومسلم لیگ ق کے مشترکہ امیدوار، چوہدری پرویز الہی نے 186ووٹ حاصل کیے، جب کہ مسلم لیگ ن اور ہم خیال پارٹیوں کے امیدوار، میاں حمزہ شریف نے 179 ووٹ پاسکے۔ یوں چوہدری پرویزالٰہی بہ ظاہر فاتح قرار پائے۔

تاہم صوبائی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر، دوست محمد مزاری نے قرار دیا کہ ق لیگ کے صدر، چوہدری شجاعت حسین نے ایک خط کے ذریعے اپنے پارٹی ارکان اسمبلی کو حکم دیا تھا کہ وہ حمزہ شہباز کو ووٹ دیں۔ چوںکہ ق لیگ کے دس ارکان نے حکم کی خلاف ورزی کی لہٰذا ان کے ووٹ مسترد کیے جاتے ہیں۔ اس طرح میاں حمزہ الیکشن جیت کر وزیراعلٰی پنجاب بن گئے۔

تحریک انصاف و مسلم لیگ ق کا کہنا تھا کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ غیرآئینی و غیرقانونی تھی۔ لہٰذا انھوں نے انصاف کی خاطر سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔ عدالت عالیہ میں مقدمے کی سماعت ہوئی۔ 26 جولائی کو سپریم کورٹ نے دوست محمد مزاری کی رولنگ غیرآئینی قرار دے دی۔ یوں ق لیگ کے دس ووٹ پھر چوہدری پرویز الہی کو مل گئے اور وہ وزیراعلٰی بننے میں کام یاب رہے۔

3جولائی

افغان طالبان نے موقع گنوا دیا

پاکستانی حکومت کے ایک سنیئر اہل کار نے ایکسپریس ٹریبون کو انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ مارچ 22ء میں پاکستان سمیت درجن بھر یورپی ممالک افغانستان میں طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کے قریب تھے، مگر طالبان کی عہدشکنی کی وجہ سے ایسا نہ ہو سکا۔

یاد رہے کہ طالبان نے اگست 21ء میں افغان حکومت سنبھال کر وعدہ کیا تھا کہ خواتین کے حقوق غضب نہیں ہوں گے اور لڑکیوں کے اسکول موسم سرما کے بعد کھول دیے جائیں گے، لیکن انھوں نے ایسا نہیں کیا۔

4 جولائی

نیلم جہلم پروجیکٹ کی بندش

آزادکشمیر میں صدرمقام، مظفرآباد سے اکتالیس کلومیٹر دور دریائے نیلم پر تعمیرشدہ 969 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والا نیلم جہلم ہائیڈرو پروجیکٹ میں اچانک پانی بڑھنے لگا۔ یہ پانی ڈرینج پائپوں کے ذریعے نکال کر بجلی گھر کو ڈوبنے سے بچالیا گیا۔ بعدازآں اسے بند کردیا گیا۔

5 جولائی

طوفانی بارشوں کا آغاز

خیبر پختون خواہ، بلوچستان اور سندھ میں مون سون کی طوفانی بارشوں کا آغاز ہوگیا۔ ان زوردار بارشوں نے مملکت کا کثیر حصہ سیلاب میں ڈبو دیا۔ سیلاب نے دو ہزار ہم وطنوں کی زندگیوں کا چراغ گل کر ڈالا۔ لاکھوں ایکڑ رقبے پر پھیلی فصلیں و باغات تباہ کردیے۔ یوں قومی معیشت کو 30 ارب ڈالر کا زبردست نقصان پہنچایا۔

امریکا ایران مذاکرات

دوحہ، قطر میں امریکا اور ایران کی حکومتوں کے خصوصی نمائندوں کے مابین جوہری معاہدہ کرنے کے سلسلے میں مذاکرات ہوئے۔ واضح رہے، ایران ایٹم بم بنانے کی سعی میں ہے تاکہ ملکی دفاع مضبوط ہو سکے، مگر امریکا، اسرائیل اور بعض عرب ممالک بھی ایرانی ایٹم بم سے خائف ہیں۔

8 جولائی

سابق جاپانی وزیراعظم کا قتل

ایک شخص نے سابق جاپانی وزیراعظم، شنزو آبے کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ قاتل کا کہنا تھا کہ مقتول مذہبی فرقے یونیفیکشن راہ نما تھا جس نے اس کی ماں کو دیوالیہ بنا دیا تھا۔

9 جولائی

سری لنکن صدر فرار

سری لنکن صدر، گوٹابایا راجاپکشا عوامی غصّے سے خوف زدہ ہو کر ملک سے فرار ہوگئے۔ مملکت میں مظاہرین بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے ماہ مارچ سے احتجاج کر کے ان کی حکومت کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

13 جولائی

بھارت سلامتی کونسل کا رکن نہیں بنا

اقوام متحدہ میں جرمنی، جاپان، برازیل اور بھارتی پر مشتمل ''جی فور نیشنز گروپ'' نے کوشش کی کہ بھارت سلامتی کونسل کا مستقل رکن بن جائے، مگر ''کافی گروپ'' (Coffee Club) نے اس وار کو ناکام بنا دیا۔کافی گروپ کینیڈا، اٹلی، اسپین، جنوبی کوریا، ارجنٹائن ، ترکی اور پاکستان پر مشتمل ہے۔

نیب کے نئے سربراہ

حکومت نے آفتاب سلطان کو نیب کا نیا چئیرمین مقرر کردیا، جو تین سال تک اس عہدے پر تعینات رہیں گے۔

14 جولائی

یورپ میں گرمی کی شدید لہر

پرتگال کے علاقے، پنہاؤ (Pinhão) میں درجۂ حرارت 47 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ براعظم یورپ کی تاریخ میں چوتھا بلند ترین درجۂ حرارت ہے۔ اسی طرح 19 جولائی کو برطانیہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کونینگسبے) Coningsby (کے علاقے میں درجۂ حرارت 40 درجے سینٹی گریڈ سے بلند ریکارڈ ہوا۔ گذشتہ سال جون تا اگست براعظم یورپ گرمی کی شدید لہروں کی زد میں رہا۔

17 جولائی

تحریک انصاف فتح یاب

پنجاب اسمبلی کی بیس نشستوں پر ضمنی الیکشن منعقد ہوئے۔ تحریک انصاف پندرہ نشستیں جیت کر فتح یاب قرار پائی۔

26 جولائی

گیس کی جنگ

حکومتِ روس نے اعلان کیا کہ وہ یورپی ممالک کو روسی گیس کم فراہم کرے گا۔ فروری 22 ء میں یوکرین پر روسی حملے سے قبل یورپ اپنی ''45 فی صد'' گیس روس سے خریدتا تھا، مگر حملے کے بعد امریکا کے دباؤ پر کئی یورپی ملکوں نے روس سے گیس کی خریداری کم کردی، جس سے خفا ہوکر روسی حکومت نے بھی اعلان کر دیا کہ وہ انھیں اپنی گیس فروخت نہیں کرنا چاہتی۔

یورپی ممالک پھر خلیجی ملکوں سے ایل این جی خریدنے لگے۔ طلب میں بے پناہ اضافے نے ایل پی جی کی قیمت بھی بڑھادی۔ اس سے غریب اور ترقی پذیر ممالک مشکل میں پڑگئے، کیوںکہ انھیں مہنگی ایل پی جی خریدنا پڑی۔

29 جولائی

کینیڈا میں ریفرنڈم برائے خالصتان

امریکا وکینیڈا میں سرگرم سکھوں کی تنظیم، سکھز فار جسٹس نے اپنی آزاد وخودمختار ریاست، خالصتان کا باقاعدہ نقشہ جاری کردیا۔ اس نے کینیڈا میں ریفرنڈم برائے خالصتان کرانے کا بھی اعلان کیا۔ یہ تنظیم اکتوبر 2007ء میں قائم ہوئی اور دنیا بھر کے سکھوں میں مقبول ہے۔

اس کی سعی ہے کہ بھارتی پنجاب، ہریانہ اور اترپردیش کے مخصوص علاقوں پر مشتمل سکھوں کی آزاد ریاست قائم ہوجائے۔ حکومتی رکاوٹوں کے باوجود سکھوں کی بڑی تعداد نے ریفرنڈم میں شریک ہو کر خالصتان کے حق میں ووٹ دیا۔ کینیڈا میں سکھوں کی بڑی تعداد رہائش پذیر ہے، وہاں 18 ستمبر اور پھر 9 نومبر کو دو مرحلوں میں ریفرنڈم منعقد ہوا۔ دونوں مرحلوں میں سکھوں نے تقریباً دو لاکھ ووٹ خالصتان کے حق میں ڈالے۔


30 جولائی

شہزادہ چارلس اور چندہ

برطانیہ کے اخبار، سنڈے ٹائمز نے یہ سنسنی خیز خبر شائع کی کہ 2013ء میں برطانوی ولی عہد اور موجودہ شاہ چارلس نے اسامہ بن لادن کے سوتیلے بھائیوں، شفیق اور بکر بن لادن سے دس لاکھ پونڈ کی خطیر رقم بطور چندہ لی تھی۔ شاہ کا دعویٰ ہے کہ یہ رقم ان کی فلاحی تنظیم کو عطیہ کی گئی۔

2اگست

پاک فوج کے افسر شہید

بلوچستان میں سیلاب کے دوران امدادی کارروائیوں میں مصروف آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے سبب گر کر تباہ ہوگیا۔ اس میں 12 کور کے کمانڈر، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈی جی کوسٹ گارڈ، میجر جنرل امجد حنیف، بریگیڈیئر محمد خالد اور دو میجر سوار تھے۔ سبھی نے جام شہادت نوش کیا۔

2 اگست

مولانا مودودی ؒ کی کتب پہ پابندی

بھارت کی قوم پرست ہندو جماعت، بی جے پی کے دباؤ پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی انتظامیہ نے شعبہ اسلامیات میں مولانا مودودی ؒ اور ممتاز مصری عالم، سید قطب ؒ کی کتب پڑھانا بند کر دیں۔ وجہ یہ بتائی گئی کہ دونوں علما کی کتب انتہاپسندی کو فروغ دیتی ہیں۔ اس خبر پر بھارتی سیکولر دانشوروں نے احتجاج کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی اعلٰی تعلیم کا مرکز ہے، لہٰذا وہاں فکر ودانش کی آزادی ہونی چاہیے۔

2اگست

آڈیو لیک اسکینڈل کا آغاز

پی ٹی آئی دور کے وزیرخزانہ شوکت ترین اور خیبر پختون خواہ کے وزیرخزانہ، تیمور جھگڑا کی فون پر ہوئی گفتگو کی ریکارڈنگ سامنے آ گئی۔

اس میں مبینہ طور پر دونوں راہ نما اتحادی حکومت اور آئی ایم ایف کے مابین معاہدہ ناکام بنانے کے لیے گفتگو کر رہے ہیں۔ اس آڈیولیک پر بہت لے دے ہوئی اور اتحادی حکومت نے پی ٹی آئی کے راہ نماؤں پر ریاست دشمن ہونے کا الزام لگایا۔ اس آڈیولیک کے بعد آنے والے دنوں میں عمران خان، شہبازشریف، مریم نواز، شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور دیگر سیاست دانوں کی باتوں کی ریکارڈنگ سامنے آئیں۔ ان آڈیولیکس کی وجہ سے کئی تنازعات نے جنم لیا۔

5 اگست

فلسطینیوں پر ظلم ستم

اسرائیلی طیاروں نے غزہ میں بم باری کرکے دس فلسطینی شہید کردیے۔ 22ء میں بھی اسرائیلی حکومت نے نہتے وبے بس فلسطینیوں پر ظلم وستم جاری رکھا۔

اسرائیلی طیارے آئے دن انھیں ٹارگٹ کر کے نشانہ بناتے رہے۔ ماہرین کی رو سے گذشتہ سال اہل فلسطین پر بہت بھاری گزرا اور کئی سو فلسطینی اسرائیلی بمباری کے سبب شہید ہوگئے۔

پاکستانی سویلین حکومت کی ناکامی

اخبارات میں یہ خبر شائع ہوئی کہ آرمی چیف، جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے حکم رانوں سے رابطہ کیا ہے تاکہ ان کی مدد سے آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ پیکیج منظور کرایا جا سکے۔

اس پیکیج کی منظوری سے پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر کی پہلی قسط ملنی تھی، مگر آئی ایم ایف نے یہ شرط لگا دی کہ پاکستان پہلے دوست ممالک سے چار ارب ڈالر حاصل کر لے۔ چناں چہ اس مقصد کے لیے پاکستانی حکم رانوں کو سعودیہ اور امارات سے رابطہ کرنا پڑا۔ اپریل میں وزیراعظم شہباز شریف نے سعودیہ کا دورہ کیا مگر وہ مطلوبہ رقم حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ چین اور امارات سے بھی انھیں مثبت جواب موصول نہیں ہوا۔

اس صورت حال میں آرمی چیف کو میدان عمل میں اترنا پڑا۔ انھوں نے تینوں ممالک سے رابطے کیے تاکہ وہ چار ارب ڈالر محدود مدت کے لیے فراہم کرسکیں۔ یہ کوشش کام یاب رہی اور پاکستان کو آئی ایم ایف سے 1.2 ارب ڈالر کی قسط مل گئی۔ عمران خان کے دور میں بھی سیاسی حکومت آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنے اور دوست ملکوں سے امداد لینے میں ناکام رہی تھی۔ لہٰذا تب بھی آرمی چیف کو متحرک ہونا پڑا تھا۔

8 اگست

کامن ویلتھ گیمز کا اختتام

اٹھائیس جولائی سے برطانوی شہر برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز ختم ہو گئے۔ ان کھیلوں میں پاکستان کا 67 رکنی دستہ بھی شامل تھا۔

اس دستے میں 42 مرد اور 25خواتین شامل تھیں جنھوں نے بارہ کھیلوں میں حصہ لیا۔ پاکستانی دستہ دو طلائی، تین نقرئی اور کانسی کے دو تمغے جیتنے میں کام یاب رہا۔ پاکستانی کھلاڑی، ارشد ندیم نے جاولین تھرو کے کھیل میں ایشیائی ریکارڈ بنایا۔

11 اگست

پاک ترک تجارتی معاہدہ

پاکستان اور ترکی کے مابین تجارتی معاہدہ انجام پا گیا۔ اس کے تحت دونوں ملکوں کے مابین باہمی تجارت کی مالیت پانچ ارب ڈالر تک بڑھائی جائے گی۔ نیز ترک کمپنیاں پاکستان میں پانی، سورج اور ہوا سے بجلی بنانے کے منصوبے شروع کریں گی۔

13 اگست

آسان موبائل اکاؤنٹ

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عوام کو آسان موبائل اکاؤنٹ کھولنے کی اجازت دے دی۔ اب ہر پاکستانی اپنے فون سے 2262 پر ایس ایم ایس کر کے اپنا موبائل اکاؤنٹ کھول سکتا ہے۔ صارف اس اکاؤنٹ کے ذریعے بجلی، گیس وغیرہ کے بلوں کی ادائی کر سکے گا۔

15 اگست

سعودی ڈالر پاکستان میں

سعودی عرب نے کچھ عرصہ قبل پاکستان کو بطور سیف ڈپازٹ تین ارب ڈالر فراہم کیے تھے۔ مدعا یہ تھا کہ اس کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ سکیں۔ اب خبر ملی کہ سعودیہ نے تین ارب ڈالر دسمبر تک پاکستان رکھنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ سعودی عرب ماہانہ دس کروڑ ڈالر کا تیل بھی موخر ادائی پر پاکستان کو دے رہا ہے۔

17 اگست

اہل کشمیر پر ایک اور ظلم

مسلم دشمن بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں غیرمقامی لوگوں کو بھی ریاستی اسمبلی کے الیکشن میں ووٹ ڈالنے کی اجازت دے دی۔ اب تعلیم، ملازمت یا سیکیوریٹی کے تحت مقبوضہ کشمیر آیا کوئی بھی بھارتی ووٹر ریاستی اسمبلی کے الیکشن میں ووٹ ڈال سکے گا۔ اس نئی پالیسی کا واضح مقصد یہ ہے کہ بی جے پی کو ریاستی الیکشن میں زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل ہو سکیں۔

19 اگست

خشک سالی کا شکار چین

حکومت چین نے یہ خبر جاری کی کہ کئی چینی صوبوں میں قحط اپنے عروج پر ہے۔ وجہ یہ کہ صوبے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور وہاں معمول سے ساٹھ فی صد کم بارشیں ہوئیں۔ اس باعث کئی دریا اور جھیلیں سوکھ گئیں۔ خشک سالی کی وجہ سے فصلیں کاشت نہ ہو سکیں اور یوں چینی معیشت کو چالیس کروڑ ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا۔ قحط سے ساٹھ لاکھ چینی باشندے متاثر ہوئے۔

26 اگست

مہنگائی کی بلند ترین شرح

وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ نے افشا کیا کہ اس سال ماہ اگست تک مہنگائی کی سالانہ شرح 44.58 فی صد ہو چکی۔ یہ پاکستان کی تاریخ میں مہنگائی کی بلند ترین شرح ہے۔

29 اگست

آئی ایم ایف سے قرض مل گیا

عالمی مالیاتی ادارے، آئی ایم ایف نے پاکستان کو ساڑھے چھے ارب ڈالر کا قرض دینے کی منظوری دے دی۔ ایک ارب دس کروڑ ڈالر کی پہلی قسط بھی جاری کر دی گئی۔ پاکستان کو بقیہ رقم جون 23ء تک اقساط کی صورت ملے گی۔
Load Next Story