2022 بیتے برس کا البم ستمبر اکتوبر

برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم کو شاہی اعزازات کے ساتھ دفن کردیا گیا


تحریم قاضی January 01, 2023
فوٹو : فائل

ستمبر ... اکتوبر

یکم ستمبر

بجلی کا بم اور ہم

یوں تو حکومت گاہے بگاہے عوام کو جھٹکے دیتی ہی رہتی ہے لیکن اس ماہ کے شروع میں ہی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4.34روپے فی یونٹ کرتے ہوئے عوام پر بم گرا دیا گیا۔ ملکی معیشت کی زبوں حالی نے پہلے ہی عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔

اس پر بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ڈالے جانے والے اس اضافی بوچھ نے عوام کی کم توڑ دی ہے۔ ماہرین کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے صارفین پر 35ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

بیرونی مدد

ایشیائی ترقیاتی بنک نے پاکستان میں آنے والے بدترین سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے 30 لاکھ ڈالر کی منظوری دے دی۔ اس گرانٹ میں سیلاب زدگان کے لیے خوراک کے سامان، خیموں اور دیگر امدادی سامان کی خریداری کے لیے رقم فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ عالمی ادارہ صحت نے بھی سیلاب متاثرین کے لیے ایک کروڑ ڈالر کی ہنگامی امداد جاری کی۔

2 ستمبر

امن کی داعی مجرم!

میانمار کی سابقہ وزیرخارجہ آنگ سان سوچی کو الیکشن میں فراڈ کرنے کے جرم میں ملوث ہونے پر تین سال کی سزا سنائی گئی۔ مختلف مقدمات میں انہیں مجموعی طور پر بیس برس کی سزا ہوئی ہے۔ یاد رہے سوچی کو امن کا داعی گردانتے ہوئے نوبیل انعام بھی مل چکا ہے۔ ان پر 2017ء میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کا الزام بھی لگایا گیا۔

مسجد پر حملہ

افغانستان کے مغربی شہر ہرات کی ایک مسجد میں خودکش حملے نتیجے میں 18 افراد شہید اور 23 زخمی ہوگئے۔ دھماکے میں افغان طالبان کے حمایت یافتہ امام بھی مارے گئے۔

خاتون اول مجرم قرار!

ملائیشیا کی سابق خاتون اول روسما منصور کو رشوت ستانی کے جرم میں 10سال قید کی سزا سنائی گئی۔ سابق خاتون اول پہ شمشی توانائی کے ایک منصوبے میں 4کروڑ30لاکھ ڈالر رشوت لینے کے تین الزامات تھے۔

کوالالمپور ہائی کورٹ نے روسما منصور کو ان الزامات میں مجرم قرار دیتے ہوئے 10سال قید اور 21کروڑ 60لاکھ ڈالر جرمانے کی سزا سنائی۔ یاد رہے کہ یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ان کے شوہر نجیب رزاق کو کرپشن مقدمات میں 12سال قید کی سزا سنائی گئی۔

5 ستمبر

روسی سفارت خانے میں دھماکا

کابل میں واقع روسی سفارت خانے میں خود کش بم دھماکے کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک ہوگئے جن میں روسی سفارت خانے کے دواہلکار بھی شامل تھے۔ خودکش حملہ آور کا تعلق ایک مذہبی جماعت سے تھا۔

روس کی دھمکی

روس نے دھمکی دیتے ہوئے اعلان کیا کہ جب تک روس سے پابندیاں نہیں اٹھائی جاتیں تب تک وہ یورپ کو قدرتی گیس کی بحالی کے منصوبے پر عمل درآمد نہیں کرے گا۔

یاد رہے کہ روس کے یوکرائن پہ حملے کے بعد سے بہت سے ممالک جن میں امریکا، کینیڈا اور یورپی یونین کے کئی ملک شامل ہیں، نے روس پر معاشی پابندیاں عاید کر رکھی ہیں اور غذائی اجناس اور کاروبار مکمل بند کردیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں روس کو بڑے پیمانے پر نقصان اٹھانا پڑا۔

زلزلے یہاں بھی وہاں بھی

جنوب مغربی چین میں واقع سیچوان میں 6.8شدت کے زلزلے سے بڑے پیمانے پر تباہی مچی جس کے نتیجے میں 66 افراد ہلاک اور 250 زخمی ہوگئے۔ دوسری طرف افغانستان میں زلزلے کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہوگئے ۔ زلزلہ افغانستان کے مشرقی حصہ میں آیا۔

منکی پاکس کا پہلا کیس

سن 2019 میں کووڈ 19کے بعد دنیا میں وباؤں کا جو پراسرار سلسلہ چل نکلا ہے اس میں 2022 میں منکی پاکس کے نام سے ایک وبا کی تشخیص ہوئی۔ ایشیا میں اس کے پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔ ہانگ کانگ میں اس وبا کا پہلا کیس رپورٹ ہوا۔

8ستمبر

ملکہ برطانیہ راہ عدم سدھار گئیں

برطانیہ کی ملکہ، الزبتھ دوئم 96 برس کی عمر میں بالمورل کیسل اسکاٹ لینڈ میں انتقال کرگئیں۔ وہ برطانیہ پر 70برس تک تحت نشین رہنے والی پہلی ملکہ تھیں۔ ان کے ولی عہد ان کے صاحب زادے 73 سالہ شہزاہ چارلس برطانیہ کے نئے بادشاہ بن گئے۔

9ستمبر

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پاکستان میں!

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتیرس پاکستان سے یک جہتی اور حمایت کے اظہار کے لئے دوروزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔

ان کا استقبال وزیرمملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے کیا۔ اس دوروزہ دورے میں انہوں نے وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات، نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کو آرڈینیشن سینٹر اور سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ ان کے اس دورے سے دنیا کو پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی سےآگاہی حاصل ہوئی اور امداد کے بہتر امکانات پیدا ہوئے۔

خطے کی نئی جوہری طاقت

یوں تو ہر ملک اپنے دفاع اور سلامتی کے لیے امن کا خواہاں ہے لیکن کچھ ممالک اس ضمن میں جوہری توانائی کو بھی استعمال کر رہے ہیں۔

9 ستمبر کو شمالی کوریا نے خود کوایک قانون پاس کرتے ہوئے جوہری ریاست کا درجہ دیا۔ اس قانون کے ذریعے شمالی کوریا کا دفاع کے لئے ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کے حق کا اظہار ہوتا ہے۔ ملک کے سربراہ کم جونگ اِن نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ایٹمی ہتھیار کبھی ترک نہیں کئے جائیں گے۔

12ستمبر

گندم، سونے کے بھاؤ!

پنجاب میں گندم ایک مرتبہ پھر مہنگی ہوگئی۔ سرکاری نرخ پر گندم کی فی من فروخت میں 535 روپے میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے بعد آٹے کے سرکاری تھیلے کی قیمت میں 380روپے کے لگ بھگ اضافہ ہوا۔

13 ستمبر

دھماکے نے آٹھ جانیں لے لیں

پاکستان کے ضلع سوات میں سڑک کنارے ایک دھماکے کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک ہوگئے، جس میں پاکستان مخالف گروہ کا سرغنہ بھی شامل تھا۔ دھماکے کی ذمہ داری کسی نے بھی قبول نہیں کی۔

14ستمبر

سابق کرکٹر اسدرؤف انتقال کرگئے!

سابق پاکستانی فرسٹ کلاس کرکٹر اور آئی سی سی ایلیٹ ایمپائر پینل میں شامل ایمپائر اسد رؤف لاہور میں انتقال کرگئے ان کی عمر 66 برس تھی۔

میچ فکسنگ اور سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کی بنا پر ان پر 5 سال کی پابندی عائد کردی گئی تھی۔ انہوں نے 49 ٹیسٹ میچوں ، 98ون ڈیز اور 23 ٹی ٹونٹی میچوں میں ایمپائرنگ کے فرائض انجام دیئے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے لاہور میں جوتوں کی دکان کھول لی تھی۔

15ستمبر

عمران خان مشکل میں

سابق وزیر اعظم عمران خان کا ستارہ اس وقت گردش میں معلوم ہوتا ہے۔ اپنے ایک بیان میں خاتون جج کو دھمکانے اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 کے تحت مقدمے میں بطور ملزم جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے ۔

اس دوران 15 منٹ میں ان سے 21سوالات پوچھے گئے۔ ادھر اسلام آباد پولیس کا خیال ہے کہ اگر اس مقدمے کی دفعات کی رو سے دیکھا جائے تو اس سنگین نوعیت کے مقدمے میں عمران خان کو کم سے کم پانچ برس سے زیادہ کی سزا، عمر قید یا جرمانہ ہوسکتے ہیں۔

بجلی مفت

سیلاب سے تباہ حال علاقوں میں اس وقت صورت حال مخدوش ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے22 لاکھ گھریلو اور ساڑھے تین لاکھ کمرشل صارفین کے بجلی کے ماہ اگست اور ستمبر کے بل معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔

علاوہ ازیں300 یونٹ تک بجلی کے دو کروڑ 10لاکھ صارفین کو ستمبر میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی چھوٹ دینے کی نوید بھی سنادی، جب کہ دوسری جانب وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ فیول ایڈجسٹمنٹ کو معاف نہیں، موخر کیا ہے۔

16ستمبر

ہنگامے پھوٹ پڑے

ایران میں جواں سال خاتون مہسا امینی کی پولیس کی حراست کے دوران ہلاکت سے ایران بھر میں ہنگامے پھوٹ پڑے۔ خواتین کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور حکومت مخالف نعرے لگانے لگی۔

مہسا امینی کو پولیس نے ملک میں لاگو حجاب کے متعلق قوانین کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا تھا اور رپورٹس کے مطابق وہ پولیس کی تشدد سے کومہ میں چلی گئیں، اسی دوران ان کی موت واقع ہوگئی، جس پر تمام ملک میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی۔

اب روس گیس فراہم کرے گا!

وزیراعظم شہبازشریف سے روس کے صدر پیوٹن نے ملاقات کے دوران پاکستان کو پائپ لائن کے ذریعے گیس کی فراہمی کی نوید سنا دی۔ یہ ملاقات دونوں راہ نماؤں کے درمیان شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران سمرقند میں ہوئی۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا اور پاکستان میں سیلاب متاثرین سے اظہار یک جہتی کیا گیا۔ اس کے علاوہ صدرپیوٹن نے توانائی کے دیگر منصوبوں میں بھی دل چسپی کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم دنیا کی40 فی صد آبادی اور اس کی امنگوں اور ویژن کی عکاسی کرتی ہے۔

17ستمبر

پنجاب کے کاشت کاروں کے لیے خوش خبری

وزیراعلٰی پنجاب پرویزالہی نے اعلان کیا کہ چولستان میں 20 ہزار مقامی کاشت کاروں کو معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ضمن میں سرکاری اراضی دی جائے گی۔ کاشت کے لیے 20 ہزار کاشت کاروں کو شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے زمینیں الاٹ کی جائیں گی۔

اسپین پنجاب میں زیتون ، سنگترہ اور دیگر ترشاوا پھلوں کی کاشت بڑھانے میں تیکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کے تحت جدید بسیں لانے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

گندم اور آٹا مہنگا

ملک بھر میں آٹے کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں 20 کلو کا تھیلا 2600 تک جاپہنچا۔ گندم 3450 روپے سے لے کر 3750 روپے من تک فروخت ہونے لگی۔ آٹا فی کلو کے حساب سے 116کے بجائے 135 روپے کا ملنے لگا، جب کہ کراچی میںفی کلو آٹے کی قیمت 200 تک جانے کا خدشہ سر اٹھانے لگا۔

کے پی اور بلوچستان میں حالات تاحال خراب ہیں اور اس ساری صورت حال کے پیش نظر عوام اب یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ ان سے روٹی کیوں چھینی جا رہی ہے۔ دوسری طرف فلورز ملز ایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت کو خط لکھ کر خبر دار کیا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں گندم کا بحران جنم لے چکا ہے جب کہ آئندہ فصل کی کاشت میں سیلاب کے سبب 60 فی صد کمی کا خطرہ ہے۔

18 ستمبر

ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے!

ترکیہ میں LGBTQ کے خلاف ہزاروں افراد استنبول کی سڑکوں پر مارچ کرتے نکل آئے اور حکومت سے اس ہم جنس پرستوں کی تنظیم اور اس کی کارروائیوں کے خلاف قانون سازی کرنے کا مطالبہ کیا۔

ملکہ سپردِخاک

برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم کو شاہی اعزازات کے ساتھ دفن کردیا گیا۔ ان کی آخری رسومات میں 500 عالمی راہ نما شریک ہوئے۔ رسومات کو 125سنیما گھروں میں دکھایا گیا اور جلوسوں کو براہ راست ٹی وی اسکرینوں پر نشر کیا گیا۔ پوتے پوتیوں نے ملکہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔

قرضہ موخر کردیا

سعودی عرب نے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھنے کے لیے دیے گئے3ارب ڈالر کے قرضے کو ایک سال کی لیے موخر کردیا۔ سعودی عرب نے یہ قرض فنڈز برائے ترقی کی مد میں پاکستان کو دیا تھا جس کی ادائیگی رواں برس دسمبر میں ہونا تھی مگر سعودی حکومت اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت اس قرض کی ادائی میں ایک برس کی توسیع کردی گئی جس کا مقصد پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو کو مستحکم کرنا اور معاشی مدد فراہم کرنا تھا۔

پینا ڈول غائب

بخار ہو، سردرد یا کسی بھی درد کو رفع کرنے کے لیے پیناڈول کو پاکستانی آفاقی دوا تصور کرتے ہیں، اور یہ تو دستورِزمانہ ہے کہ جو نایاب ہے وہ کم یاب ہے۔ تو پیناڈول کو بھی اپنی قدروقیمت کا اندازہ ہوا اور اندازہ ہونے کی دیر تھی کہ وہ مارکیٹ سے غائب ہوگئی۔

پیناڈول کی اس قلت نے محکمۂ صحت کو بھی کان کھڑے کرنے پہ مجبور کردیا اور اس قلت سے نمٹنے کے لیے محکمۂ صحت پنجاب نے وفاق کو قیمتیں بڑھانےکی تجویز دے دی۔ وزیرصحت یاسمین راشد نے کہا کہ پیناڈول کی فی گولی 90 پیسے قیمت بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔ اور اس قلت کے پیچھے بھی ڈالر کا ہاتھ ثابت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ امکان ہے کہ جلد وفاق کمپنیوں کے ساتھ معاملات طے کر لے گا۔

کرپشن ریفرینسز واپس

نیب قوانین میں ترمیم کی آوازیں مقتدر حلقوں سے آتی سنائی دے رہی تھیں، بالآخر شنوائی ہوگئی اور اس کے پہلے حتمی و یقینی نتائج کی صورت میں نیب ریفرینسز کے ملزمان کو بڑا ریلیف ملا۔ وزیراعظم شہبازشریف، حمزہ شہباز، راجا پرویزاشرف اور یوسف رضا گیلانی سمیت 150افراد کے کرپشن ریفرنسز واپس کر دیے گئے۔

ان ریفرینسز میں شہبازشریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز، اسپیکر قومی اسمبلی راجاپرویزاشرف کے خلاف رینٹل پاور کے 6 ریفرینس اور سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کے خلاف یو ایس ایف فنڈریفرنس جیسے مشہور زمانہ ریفرینسز شامل تھے۔ اس پر اپوزیشن کی جماعتوں نے کھل کر تنقید کی اور ملک میں احتساب کے نظام پر سوالات اٹھا دیے۔

19ستمبر

سابق پرنسپل سیکرٹری طارق عزیز انتقال کر گئے

سابق صدر پرویزمشرف کے پرنسپل سیکرٹری طارق عزیز انتقال کرگئے۔ انہیں اسلام آباد میں سپرد خاک کردیا گیا۔ وہ دو سال سے علیل تھے۔

وہ قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری سمیت کئی اہم عہدوں پر فائز رہے۔ وہ پرویز مشرف کے ہم جماعت تھے اور چودھردی شجاعت حسین سے دیرینہ وابستگی تھی۔ مرحوم اپنے سوگواروں میں ایک بیٹا، دو بیٹیاں اور ایک بیوہ شامل ہیں۔ ان کا تعلق بھلوال کے چک 9 شمالی سے تھا۔

20ستمبر

وبائیں پھوٹ پڑیں

پاکستان کے صوبہ سندھ میں ہیضہ، ملیریا اور گیسٹرو کی وبا سے چوبیس گھنٹے کے دوران نو افراد جان کی بازی ہارگئے۔ سندھ میں آنے والے سیلا ب کے بعد سے اب تک ایک ہزار چھ سو افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سیلاب سے متاثر علاقوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کی وجہ سے مختلف وبائی امراض جنم لے رہے ہیں۔

21ستمبر

سیلاب کے متاثرین کی بحالی

گذشتہ سال بارشوں سے آنے والے سیلاب سے ملک بھر میں بے پناہ تباہی آئی۔ اس ضمن میں عالمی سطح پر بھی پاکستان کو آفت زدہ ملک قرار دیا گیا اور بہت سے ممالک نے پاکستان کی مدد کرنے کا عندیہ بھی دیا۔ فرانس نے پاکستان کے ساتھ مل کر متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیرنو میں حصہ ڈالنے کا اعلان کیا۔

یہ تفصیلات اس وقت سامنے آئیں جب وزیر اعظم شہبازشریف اور فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوئے۔ فرانس اس ضمن میں بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کرے گا جس کا مقصد متاثرہ علاقوں میں تعمیرنو، قابل تجدید توانائی کی منتقلی کو تیز کرنا اور موسمیاتی مسائل سے نبردآزما ہونا ہے۔

22 ستمبر

انجلینا جولی کی پاکستان آمد

سیلاب کے متاثرین سے اظہارِیک جہتی کے لیے ہالی وڈ کی مشہور اداکارہ انجلینا جولی اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین کی نمائندہ خصوصی ہونے کی حیثیت سے پاکستان پہنچیں۔ انھوں نے نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈینیشن سینٹر کا دورہ کیا اور پاک فوج کی اس ضمن میں خدمات کا اعتراف کیا۔

انجلینا جولی کا کہنا تھا کہ وہ سیلاب کی صورت حال اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والی تباہی اور امدادی سرگرمیوں کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کرائیں گی۔ انھوں نے دنیا سے مدد کے لیے ڈو مور کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ضمن میں متاثرین کی مدد کے لیے بار بار پاکستان آنے کو تیار ہیں۔

امریکی صدر کی وڈیو وائرل

آج کل وائرل وڈیوز کا دور دورہ ہے۔ آپ کی چھوٹی سے چھوٹی حرکت بھی کیمرے کی آنکھ سے محفوظ نہیں۔ امریکی صدر جو بائیڈن نیویارک میں ہونے والے ایک ایونٹ میں تقریر ختم کرنے کے بعد پریشان دکھائی دیے، نیویارک میں ایڈز، ٹی بی اور ملیریا کے خلاف فنڈز اکھٹے کرنے کی تقریب میں خصوصی شرکت کی اور تقریر ختم کرتے ہی وہ اسٹیج سے دو قدم چلے اور پریشانی کی حالت میں کھڑے ہوگئے۔

وہ کافی دیر خود کو سنبھالتے ہوئے دکھائی دیے۔ لوگوں نے انٹرنیٹ اور سماجی رابطوں کی ویب سائیٹس پہ یہ ویڈیو شیئر کی جو وائرل ہوئی ۔

عمران خان کی معافی

عمران خان یوٹرن کے ماہر کہلاتے ہیں۔ ان پر ایک خاتون جج سے متعلق توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر توہین عدالت کیس اسلام آباد ہائی کورٹ میں درج کیا گیا۔ اس پر عمران خان نے معافی مانگ لی، جس کے بعد عدالت نے عمران خان پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی موخر کر دی۔ یاد رہے کہ اس کیس میں فرد جرم عائد ہونے کی صورت میں عمران خان کو سزا اور جرمانہ ہوسکتا تھا۔

سابق سفارت کار ہمایوں خان انتقال کر گئے

پاکستان کے سابق سفارت کار ہمایوں خان انتقال کرگئے۔ وہ بھارت اور برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

24 ستمبر

جاپان اندھیروں میں ڈوب گیا

پاکستان میں جہاں دوسرے توانائی کے بحران ہیں وہاں بجلی کا بھی بحران ہے، جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ معمول کی بات ہے اور لوگ بجلی کے نہ ہونے پر بھی اس قدر پریشان نہیں ہوتے جس قدر ان ممالک کے باسی پریشان ہوجاتے ہیں جہاں بجلی چوبیسوں گھنٹے میسر ہوتی ہے۔

وسطی جاپان میں ایک طوفان کے آنے کی وجہ سے دو لوگ ہلاک ہوگئے جب کہ بجلی کا بریک ڈون ہوگیا اور سوا لاکھ سے زائد آبادی اندھیرے میں ڈوب گئی۔ جاپان کا یہ حصہ جزیرہ نما ہے۔

صحافی کا بیٹا قاتل

صحافی یوں تو جرائم کو بے نقاب کرنے اور مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لیے جانے جاتے ہیں، مگر اسلام آباد میں معروف صحافی ایازامیر کے بیٹے نے اپنی کینیڈین بیوی کو سر میں ڈمبل مار کر قتل کر دیا۔

صحافی کے بیٹے شاہنواز امیر نے سارہ سے تیسری شادی کی تھی۔ سارہ قتل سے ایک روز قبل دبئی سے واپس آئی تھی۔ دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا جس پر ملزم نے بیوی کے سر پر لوہے کا ڈمبل مار کر قتل کردیا۔ اورلاش کو باتھ ٹب میں ڈال دیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پوسٹ مارٹم کے دوران مقتولہ کے جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے۔ ذرائع کے مطابق سنیئر صحافی ایازامیر نے نے اسلام آباد کے پولیس افسر کو واقعے کی اطلاع فون کر کے دی تھی۔

25 ستمبر

مبینہ آڈیو لیکس

وزیراعظم کی تین مبینہ آڈیو لیکس ملکی سیاست میں بھونچال لے آئیں، اور خدشات ظاہر کیے جاتے رہے کہ وزیراعظم کے دفتر سے ڈیٹا ہیک کیا گیا ہے۔

ان مبینہ آڈیو کلپس میں مریم نواز اور شہبازشریف کے درمیان مفتاح اسمعٰیل کے بارے میں ہونے والی گفتگو، وزیراعظم وزیردفاع خواجہ آصف اور دیگر کے درمیان پی ٹی آئی کے استعفوں سے متعلق کلپ شامل ہیں، تیسرے کلپ میں شہبازشریف اور مریم نواز کے درمیان جنرل مشرف کی واپسی کے بارے میں گفتگو شامل ہے۔

27ستمبر

قائداعظم ٹرافی

2022-23 قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ڈومیسٹک کرکٹ مقابلے 27 ستمبر سے 30نومبر تک منعقد ہوئے ۔ خیبر پختوانخوا کی ٹیم دفاعی چیمپئن تھی لیکن فائنل کے لیے کولیفائی نہ کر سکی۔

28 ستمبر

اسلامی نظریاتی کونسل نے سوالات اٹھا دیے!

سینیٹ کے اجلاس میں ٹرانس جینڈرز کے حقوق کے تحفظ کے متعلق ترمیمی بل پیش کیا گیا۔ مجوزہ بل میں مرد یا عورت دونوں خصوصیات رکھنے والے خواجہ سرا کو وراثت میں آدھا حصہ دینے، مرضی کی جنس بتانے کی شق حذف کرنے کی تجویز دی گئی، جس پر اعتراضات آئے اور سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ ٹرانس جینڈر خواجہ سرا نہیں بلکہ ہم جنس پرست ہیں، اس لیے اس کا تحفظ ممکن نہیں۔

اسلامی نظریاتی کونسل نے بھی اس بل پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ اس کی متعدد دفعات خلافِ شریعت ہیں اور نت نئے مسائل پیدا کرنے کا سبب بن سکتی ہیں۔ اس ضمن میں جامع قانون سازی کے لیے علماء اور ماہرین طب پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز دی گئی۔

29 ستمبر

گیس کے بحران کی گھنٹیاں

موسم سرما میں ایل این جی اور ایل پی جی کی عدم دست یابی کی وجہ سے عوام کو پریشانی کا سامنا رہا۔ ایسے میں سابق حکومت کی طرح موجودہ حکومت بھی اس ضمن میں کوئی مثبت اقدامات نہیں کرسکی۔

 

اسقاط حمل کا نیا قانون

سپریم کورٹ آف انڈیا نے میڈیکل ٹرمینشن آف پریگنیسی ایکٹ کے ایک حصے کو ختم کردیا، جس میں غیرشادی شدہ خواتین کے اسقاط حمل پر پابندی تھی۔

اسی طرح حمل کے 24 ویں ہفتے تک تمام خواتین کے لیے اس طریقۂ کار کو قانونی قرار دیا گیا تھا۔ اس فیصلے کی رو سے عورت کو بچہ پیدا کرنے پر مجبور کرنا میریٹل ریپ کے زمرے میں آتا ہے، جس کو بھارت میں جرم شمار نہیں کیا جاتا۔

یکم اکتوبر

ایک اور فلسطینی شہید

مشرقی یروشلم میں اسرائیلی سپاہیوں کی فائرنگ سے 18برس کا فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا۔ یہ مشرقی حصے میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں مارا جانے والا 100واں شخص تھا۔ یہ سن 2015کے بعد اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

پابندیاں ختم

کینیڈا نے باضابطہ طور COVID-19کے حوالے سے تمام سرحدی پابندیاں بشمول ویکسینیشن ، ٹیسٹنگ، قرنطینہ ختم کردیں، اور سرکاری موبائل ایپ ArriveCAN کے ذریعے ساری معلومات جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

احتجاج برقرار

مہسا امینی کی ہلاکت کے پندرہ روز بعد ایران کی یونیورسٹیوں میں بڑے بڑے احتجاجی اجتماعات اور ہڑتالیں دیکھنے کو ملیں اور دنیا بھر کے ایرانیوں نے اس احتجاج سے یک جتی کے لیے ریلیاں نکالیں، جن کی تعداد 160ہے۔

بڑا ریلیف

اکتوبر کے شروع ہوتے ہی وفاقی حکومت کی جانب سے عوام کے لیے ریلیف کا اعلان ہوا، جس میں پیٹرول 12.63، ڈیزل12.13، مٹی کا تیل10.19اور لائٹ ڈیزل 10.78روپے سستا کرنے کی نوید سنائی گئی۔ اسی طرح اوگرا نے ایل پی جی 10روپے کلو سستی کرنے کا اعلان کردیا، مگر مہنگائی کی شرح برقرار رہی۔

سائفر چوری ہوگیا!

سائفر کو بنیاد بنا کر سیاسی وصحافتی حلقوں میں چہ مگوئیاں جاری رہیں، مگر ایک دم جب یہ خبر منظرعام پر آئی کہ سائفر کی کاپی وزیر اعظم ہاؤس سے چوری ہوگئی تو بھونچال آگیا۔

2 اکتوبر

عالمی شہرت یافتہ پہلوان انوکی انتقال کر گئے

جاپان کے عالمی شہرت یافتہ پہلوان انوکی 79برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ وہ خرابیٔ صحت کے باعث اسپتال میں داخل تھے۔ پاکستان کے جھارا پہلوان سے1976میں ہونے والے مقابلے کے بعد سے وہ پاکستان میں مقبول ہوئے۔

3 اکتوبر

احساس راشن پروگرام

وزیراعلٰی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے 100ارب روپے کے پنجاب احساس راشن پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے 80 لاکھ خاندانوں کو سستا آٹا، دالیں، کوکنگ آئل اور گھی ملنے کی نوید سنا دی۔

نوبیل انعام

سویڈش ماہرجینیات Svante Paaboکو ''معدوم ہیومینز اور انسانی ارتقاء کے جینوم سے متعلق ان کی دریافتوں'' کے لیے طب کے شعبے میں نوبیل انعام سے نوازا گیا۔

اعلان

گزرے برس کے دوران عالمی اور ملکی سطح پر رونما ہونے والے اہم واقعات اور حادثات کا ایک جائزہ سال نو کے خصوصی شمارے میں دیا جارہا ہے۔ حالیہ شمارے میں 3 اکتوبر 2022 تک کے واقعات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ 4 اکتوبر سے لے کر 31 دسمبر 2022 تک جائزہ اگلے شمارے میں ملاحظہ فرمائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں