نیا سال سب کو راس آئے

ماہا نے سب کاموں سے فارغ ہو کر اپنی خوبصورت سی ڈائری اور پین کو اٹھایا اور اپنی رائٹنگ ٹیبل پر آکر بیٹھ گئی وہ 31 دسمبر تھا اور اس نے اپنی زندگی کا نہ صرف جائزہ لینا تھا بلکہ اس کو پرکھ کر نئے سال کے بارے میں بہت کچھ لکھنا بھی تھا۔

یہ کہنا آسان ہے مگر اس پر عمل کرنا خاصا مشکل، اس نے سوچ کے دائرے وسیع کرنے شروع کیے اور مختلف باتوں کے بارے میں سوچنے لگی۔ اس نے بہت ساری چیزوں کے بارے میں فیصلہ کرنا تھا اور ایک گھنٹے کی محنت کے بعد وہ اس قابل ہوگئی تھی کہ ایک بہترین قسم کا عہد اور resolution New Year اس نے بنا لیا تھا۔

آپ نے دیکھا ہوگا کہ لوگ نئے سال پر پر جوش ہو کر اپنے آپ سے بہت سارے عہد کرتے ہیں، بہت سارے وعدے کرتے ہیں مگر وہ اپنے عہد پر پورا نہیں اتر پاتے۔ کیا آپ بھی ان ہی لوگوں میں سے ہیں جو اپنے بارے میں صرف فکر مند ہوتے رہتے ہیں ،مگر کرتے کچھ نہیں جب تک آپ اپنی لکھی ہوئی باتوں پر عمل نہیں کرتے آپ کچھ نہیں کر سکتے کیا آپ کو معلوم ہے کہ دنیا میں نئے سال کی آمد پر لاکھوں لوگ نئے سال کے لیے گولز لکھتے ہیں مگر ان میں سے صرف دس فیصد ان تمام گولز کو پورا کر پاتے ہیں، ذرا جلدی سے اپنا احتساب کریں اور اپنے دل سے پوچھیں کہ آپ کن لوگوں میں شمار ہوتے ہیں ؟

آئیے !میرے ساتھ مل کر کریں اس نئے سفر کا آغاز جس میں ہم نے مل کر نہ صرف اپنے گولز کو لکھنا ہے بلکہ اپنی عادتوں کو بھی تبدیل کرنا ہے ، کورونا جیسی مہلک بیماریوں کے ساتھ بھی ہم نے مقابلہ کیا اور اس کو بھی مات دی سو اپنے گولز میں صحت کو سب سے زیادہ اہمیت دینی ہے تو شروع کرتے ہیں مگر آپ سے وعدہ یہ لینا ہے کہ اس کو ذہن میں نہیں بنانا اور نہ ہی صرف لکھ کر رکھ دینا ہے بلکہ اس پر عمل بھی کرنا ہے۔

اپنی پسند کی ڈائری یا نوٹ بک یا کوئی ایسی فائل یا رجسٹر بنا لیں جس میں آپ اپنی کارکردگی بھی لکھتے جائیں اور اس کے ساتھ ساتھ دل دماغ اور روح کے ساتھ جڑ کر بیٹھ جائیں۔اب اپنے دماغ کو پرواز پر جانے دیں اور لکھنا شروع کریں ،ویسے تو اپنی زندگی کے بارے میں بہترین گولز تو صرف انسان خود ہی بنا سکتا ہے مگر میں اپنے پڑھنے والوں کو کچھ آئیڈیاز دیتی چلوں ۔

اپنے گولز کے آغاز میں سب سے پہلے صحت کے بارے میں گول بنائیں کہ کس طرح آپ نے اس سال اپنی صحت کو بہتر کرنا ہے ،روز تقریبا دو گھنٹے اپنے آپ کو دینے ہیں اس کے علاوہ اپنی غذا کا بھی خاص خیال رکھنا ہے ورزش اور ہلکی پھلکی واک کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہے ۔جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ دماغی صحت بھی انتہائی ضروری ہے آپ نے اسٹریس سے بچنے کے ساتھ ساتھ اپنے آپ کو مثبت سرگرمیوں کے لیے بھی تیار کرنا ہے جس سے دل و دماغ پر سکون ہوجائے۔

ایک اچھا اور بیلنس بجٹ بنانا بھی ضروری ہے ایسا خاکہ جو فضول خرچیوں سے بچائے اور آپ کو مالی آزادی کا احساس بھی دے جن میں فضول شاپنگ سے اجتناب اور آگے کی سوچ رکھنا ضروری ہے،اگر آپ کو کوکنگ کا شوق ہے تو آپکو یہ گول بھی بنانا چاہیے کہ ہر ہفتہ ایک نئی ریسیپی سیکھیں گے اور بنائیں گے۔

اس سے آپ میں اور اچھا پکانے کا جذبہ بڑھے گا۔اچھی کتابیں آپکی بہترین دوست ثابت ہو سکتی ہیں سو ہمیشہ کتابیں پڑھنے کا وقت نکال کر رکھیں اور یہ وقت شاندار ہے جب آپ آرام سے اپنا گول بنا سکتے ہیں کہ آپ کو مہینے میں کتنی کتابیں ختم کرنی ہیں اور سال میں وہ کتنی بنیں گی ،اس سے آپ کی نالج میں زبردست اضافہ ہوگا اور آپ اپنے حلقے میں با اثر ثابت ہوں گے۔

آپ مرد ہیں یا خاتون فی زمانہ اس سے فرق نہیں پڑتا کیونکہ اب مخصوص کام صرف مردوں یا عورتوں کے نہیں رہے، دونوں گھریلو کام مل کر انجام دیتے ہیں ،اس سے محبت بھی بڑھتی ہے اور ایک دوسرے کا احساس بھی رہتا ہے تو بنائیں گول کہ اس سال گھر کو سیٹ اور صاف رکھیں گے اور مل کر اس کو سجائیں گے تاکہ یہ رہنے کی پر سکون جگہ بن سکے اور یہاں سب ایک دوسرے کے تعاون کے ساتھ رہ سکیں۔


اگر آپ کوئی نشہ کرتے ہیں، سگریٹ نوشی کرتے ہیں یا کسی بھی قسم کی دوائیاں یا نشے کا استعمال کر رہے ہیں تو جاگیں یہی وہ وقت ہے جب آپ نے اس سال سے اپنے صحت کے پروانے پر خود ہی دستخط کرنے ہیں اور اپنے آپ کو بے موت مرنے یا بیماریوں کو دعوت دینے سے روکنا ہے،اگر آپکو گروسری کرنا بہت مشکل لگتا ہے تو بنا لیں گول کہ اب ایک ہفتہ کی ایک ساتھ گروسری کر لی جائے گی اور اب آگے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا اور یہ بھی لکھا جا سکتا ہے کہ پورے ہفتے کا میل پلان کیا ہوگا۔

ایک صحت مند نیند کے معمول کا عہد کریں یہ آپ کی صحت کے لیے بہت ضروری ہے نیا سال آپکو یہ سوچنے کا موقع دے رہا ہے کہ آپ کس طرح اپنے سونے کے معمول کو بہتر کر سکتے ہیں یہ نیند ہی آپکو دن بھر فعال رکھتی ہے اور آپ بہترین طریقوں سے کام کو انجام دے پاتے ہیں۔

اچھے اخلاق اور عادتوں والے دوست بنائیں، کیا آپ ابھی تک تنہائی میں رہنا پسند کرتے ہیں اور کسی کو بھی دوستی کے قابل نہیں سمجھتے تو آپ کے ساتھ مسائل ہو سکتے ہیں۔

اچھی دوستی اور بھرپور قہقہے زندگی کو رنگین بنا دیتے ہیں اور اچھا دوست آپ کے لیے ایک نعمت ہو سکتا ہے اس لیے اپنی پسند کا کوئی کلب جوائن کر لیں یا اپنے ہم مزاج دوست بنائیں اور دیکھیے گا پھر آپ اپنے اندر کتنا فرق محسوس کرتے ہیں۔آپ کو بلڈ پریشر کا مسئلہ ہے یا کوئی اور اس طرح کا پرابلم ہے تو آپ اپنے گھر میں انڈور پلانٹس لگا لیں یا کوئی چھوٹی سی کیاری یا لان بنا لیں آپ دیکھیے گا کہ کس طرح آپ کی صحت بہتر ہوگی آپ اپنے نئے سال کے گولز میں یہ بھی لکھ لیں۔

اپنے رشتوں کے بارے میں کیا خیال ہے؟ کیا آپ لوگ زندگی کو بوجھ سمجھتے ہیں؟ اور ایک دوسرے کے لیے دل میں انا اور بغض رکھتے ہیں ،ایک دوسرے کی شکل دیکھنا گوارا نہیں کرتے ؟ تو سوچ لیں کہ یہی وہ وقت ہے جب آپ نے اس رشتے کو ٹائم دینا ہے ایک دوسرے کو برداشت کرنا ہے اور نئے سرے سے اس پر کام کرنا ہے یہی زندگی کی خوبصورت حقیقت ہے کہ ہم اپنے رشتوں کو سنبھالیں اور ان کی آبیاری کریں ۔یہ وقت کی ضرورت بھی ہے ہر رشتے کو ٹائم کی ضرورت ہوتی ہے۔

اس لیے ساتھ بیٹھ کر ہنسنے بولنے کا ٹائم بھی رکھ لیں۔ ایک اور خاص بات اگر کپلز مل کر یوگا یا ورزش کا اہتمام کریں تو اس سے ان کی صحت اور دماغ پر بھی اچھا اثر پڑے گا۔آپ کو پتہ ہے اگر آپ صرف کام ہی کرتے رہتے ہیں تو آپ کی تھکن بڑھ جاتی ہے اور موڈ چڑچڑا ہو جاتا ہے اس لیے کام کے ساتھ آرام اور تفریح بھی ضروری ہے سو تفریح کا وقت نکالیں اور کہیں گھومنے کو بھی نئے سال کے گول میں لکھ لیں۔

آپ اپنے کیریئر سے تنگ ہیں اس کو بدلنا چاہتے ہیں یا نیا کوئی کیرئیر اپنانا چاہتے ہیں تو لکھیں پلان کریں اور پھر نئے سال میں کر ڈالیں ۔کیا آپ ہر وقت غصے میں رہتے ہیں تو سن لیں کہ یہ آپ کو ہائی بلڈ پریشر دماغ کی بیماریوں معدے کے السر اور ہزاروں چیزوں میں مبتلا کر سکتا ہے سو اس سال غصہ بائے بائے۔

کوئی نئی زبان سیکھیں یا کوئی نیا ہنر اس سے بہت فرق پڑتا ہے آگے پڑھائی جاری کریں یا کچھ اور اپنی گروتھ کے لیے کریں۔

اپنے رشتے داروں سے ملیں ، مثبت رہیں فضول باتوں سے پرہیز کریں اور سب سے ضروری بات اپنی سوسائٹی کے لیے لوگوں کے لیے ضرور کوئی بھلائی کا کام کریں اس کو اپنے گولز میں لکھیں اور شکر گزار رہیں۔ یقین کریں آپ کو کامیاب ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔میری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں تو چلیں قدم بڑھائیں ۔خدا کرے نیا سال سب کو راس آئے (آمین۔)
Load Next Story