پاکستانیوں کی بیرون ملک جائیداد پر کیپٹل گین ٹیکس کے خلاف 172 درخواستیں مسترد
وفاقی حکومت کا بیرون ملک جائیداد پر لگائے گئے ٹیکس کا اطلاق درست ہے، سندھ ہائی کورٹ
سندھ ہائی کورٹ نے پاکستانی شہریوں کی بیرون ملک منقولہ جائیداد پر کیپٹل گین ٹیکس کے خلاف 172 درخواستیں مسترد کردیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے پاکستانی شہریوں کی بیرون ملک منقولہ جائیداد پر کیپٹل گین ٹیکس کے خلاف 172 درخواستوں پر فیصلہ سنادیا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ مالیاتی قانون 2022ء میں بیرون ملک کیپیٹل ویلیو ٹیکس کا اطلاق برقرار رہے گا، وفاقی حکومت کی جانب سے بیرون ملک جائیداد پر لگائے گئے ٹیکس کا اطلاق درست ہے۔
وفاقی حکومت کے وکیل نے موقف اپنایا تھا کہ بہت سارے پاکستانی شہریوں، کاروباری اور سیاسی شخصیات کی بیرون ملک جائیدادیں ہیں، بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے نشاندہی کی اس سے پاکستان سے غیر ملکی ذرائع مبادلہ استعمال ہورہا ہے، حکومت نے بیرون ملک جائیداد پر 5 فیصد ٹیکس لگایا تھا جو پاکستانی شہری ہیں اور پاکستان میں قیام کررہا اس کی جائیداد بیرون ملک کیوں ہیں؟
دوسری جانب درخواست گزاروں کے وکلا نے موقف دیا تھا کہ وفاقی حکومت نے پاکستانی شہریوں کی منقولہ جائیداد پر مالیاتی ایکٹ 2002ء کی سیکشن 8 کے تحت کیپٹل گین ٹیکس عائد کیا تھا، 18 ویں ترمیم کے بعد پارلیمنٹ کی حدود صرف وفاقی سرحدوں تک محدود ہے، وفاق صرف دارالحکومت کے سرحدوں کے اندر فیصلے کرسکتی ہے۔