امید ہے اسلام آباد کے عوام بلدیاتی انتخابات میں کرپٹ ٹولے کو شکست دیں گے عمران خان

عمران خان نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اسلام آباد کے عوام کے نام پیغام جاری کردیا

(فوٹو فائل)

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ عوام الیکشن میں کرپٹ ٹولے کو شکست دیں گے۔

چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اسلام آباد کے عوام کے نام جاری پیغام میں کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے عدالتی حکم پر اسلام آباد کی عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، عدالتی فیصلے کے نتیجے میں اسلام آباد کے عوام ووٹ کے ذریعے اپنی مقامی حکومت منتخب کر پائیں گے، ملک کی بدقسمتی ہے کہ مسلط کرپٹ ٹولے کے ساتھ الیکشن کمیشن بھی ملا ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: ہائیکورٹ کا اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کل ہی کرانے کا حکم


انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہمیشہ ان چوروں کی حمایت کر کے جمہوریت کے خلاف فیصلے کرتا ہے، اللہ کا کرم ہے کہ معزز عدالتیں ہمیشہ الیکشن کمیشن کے غیر قانونی فیصلوں کو مسترد کر دیتی ہیں، یہ کرپٹ ٹولہ عوام سے خوفزدہ ہے،ہمیشہ انتخابات سے راہِ فرار اختیار کرتا ہے، چوروں کی کوشش صرف اور صرف ملک پر اپنا قبضہ برقرار رکھنا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ملک پر مسلط رہنے کے لیے کرپٹ ٹولہ ہارس ٹریڈنگ اور کرپشن کے پیسے سے ضمیروں کی منڈیاں لگاتا ہے، اس مافیا کے پاس اب کوئی راستہ نہیں بچا،عوام انکو بری طرح مسترد کر چکی ہے، اسلام آباد کے عوام کو خصوصی تاکید کرتا ہوں آپ نے کل بلدیاتی انتخابات میں بھرپور شرکت کرنی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات؛ حکومت کا عدالتی حکم کو چیلنج کرنے کا فیصلہ

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا ہے کہ مجھے امید ہے انشااللہ اسلام آباد کے عوام کل بلدیاتی انتخابات میں اس کرپٹ ٹولے کو شکست دیں گے۔
Load Next Story