کراچی میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان
اگلے 3 روز میں شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے، محکمہ موسمیات
جمعے کو شہر میں دن بھر سمندری ہوائیں غیرفعال رہیں، 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بلوچستان کی یخ بستہ ہوائیں چلیں اسی لیے آج سے درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر میں بلوچستان کی شمال مشرقی ہواؤں کے اثرات کی وجہ سے خنکی میں پھر اضافہ ہوگیا، جمعے کو کم سے کم پارہ 16 ڈگری ریکارڈ ہوا تاہم دن کے وقت ہواؤں کی رفتار میں معمولی اضافے کی وجہ سے موسم خشک اور خنک رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کو شہر میں سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں مکمل طور پر بند رہیں، دوپہر کے وقت بلوچستان کی شمال مشرقی ہوائیں چلیں، جس کی رفتار 20 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئیں جب کہ شام کے وقت مغربی سمت کی ہوائیں چلیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت شہر کی فضاؤں پر ہلکی دھند رہی، جس کی وجہ سے حد نگاہ کم ہوکر 3 کلومیٹر رہ گئی تھی۔
ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق اگلے 3 روز کے دوران شہر میں مختلف سمتوں کی ہوائیں چل سکتی ہیں، صبح سے شمال مشرق اور مشرقی جب کہ شام کے وقت جنوب مغرب اور مغربی سمت کی ہوائیں چلنے کا امکان ہے، اس دوران شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔