امریکی خاتون کو 55 سال قبل کھویا والٹ مل گیا
یہ والٹ 1968 میں ہائی اسکول کی ایک تقریب میں کھو گیا تھا
امریکا کی ایک خاتون کو 55 سال بعد ان کا گمشدہ والٹ واپس مل گیا۔
امریکی ریاست ویسٹ ورجینیا سے تعلق رکھنی والی شیرون ڈے کا والٹ 1968 میں فایئٹے وِل ہائی اسکول کی ایک تقریب میں کھو گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب یہ والٹ کھویا تب ان کی عمر 16 برس تھی اور ان کو توقع نہیں تھی کہ یہ والٹ اور اس میں موجود چیزیں کبھی ان کو واپس مل سکیں گی۔
یہ اسکول 2019 میں مستقبل طور پر بند کردیا گیا تھا اور اس کی تعمیرِ نو کے لیے کام کرنے والی ٹھیکے دار کمپنی کے مزدوروں کا کہنا تھا کہ جب یہ والٹ ہوا دان سے گرا تو وہ لوگ کافی حیران تھے۔
ٹھیکے دار کمپنی کے مالک بریڈلے اسکاٹ کا کہنا تھا کہ یہ ہوا دان کئی دہائیوں سے بند تھا اور اس میں متعدد دیگر گمشدہ اشیاء موجود تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ہوا دان میں میں پرانے باکسنگ میچ کے ٹکٹ سمیت کئی پُرانی اشیاء موجود تھیں جو 100 سالوں میں پہلی بار توڑے جانے پر باہر نکلیں۔
اسکاٹ نے سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے والٹ کی مالکن کا پتہ لگایا۔
انہوں نے کہا والٹ میں موجود تصاویر اور نام کے ساتھ ایک سوشل سیکیورٹی کارڈ سے یہ خیال آیا کہ جس کا یہ والٹ ہے اس کو آسانی سے ڈھونڈا جاسکتا ہے۔