فیروز خان کے ساتھ کام کا تجربہ بہت خراب رہا ہدایتکار مصدق ملک

کئی مرتبہ فیروز نے مجھے ڈبل کراس کرنے کی کوشش کی، ہدایتکار

فیروز خان حبس ڈرامے کے مرکزی اداکار جبکہ مصدق ملک ہدایتکار ہیں(فائل فوٹو)

پاکستان شوبز کے اداکار اور مشہور ڈرامے حبس کے ہدایتکار مصدق ملک کا کہنا ہے کہ فیروز خان کے ساتھ ان کا کام کا تجربہ بےحد خراب رہا۔

مصدق ملک حال ہی میں ایک انٹرویو کا حصہ بنے جہاں انہوں نے اشنا شاہ ہمایوں سعید اور فیروز خان کے ساتھ اپنے کام کے تجربے کے بارے میں تفصیل سے بات کی۔

کچھ ہفتے قبل ڈرامے حبس کے ہدایتکار مصدق ملک نے سوشل میڈیا پر فیروز خان کا نام لیے بغیر ان کے خلاف ایک پوسٹ کی تھی۔ اس پوسٹ کے حوالے سے انٹرویو میں کئے گئے سوال پر مصدق ملک نے کہا کہ ڈرامے کا کردار ایک فکشن ہے اسے اداکار کی اصل زندگی کے ساتھ نہیں جوڑا جا سکتا۔



انہوں نے کہا کہ یہ پوسٹ کرنے کا فیصلہ میرا تھا کیونکہ گھریلو زیادتی میں برداشت نہیں کر سکتا، میری آنٹی کو ان کے شوہر نے گھریلو تشدد کر کے مار دیا تھا اس لیے اگر کوئی تھوڑی سی بھی زیادتی کرے تو یہ میرے لیے بہت بڑی بات ہے۔


فیروز خان کے ساتھ اپنے کام کے تجربے پر بات کرتے ہوئے ہدایتکار کا کہنا تھا کہ 'فیروز خان کے ساتھ کام کرنا تھوڑا مشکل تھا کیونکہ ان کی طرف سے کو وعدے کئے گئے تھے جو شفاف نہیں تھے اور انہوں نے ٹیم کو گمراہ کیا، کئی مرتبہ فیروز نے مجھے ڈبل کراس کرنے کی کوشش کی'۔



مصدق ملک نے مزید کہا کہ 'میں لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ ایک اداکار کا کام ایک سنجیدہ کام ہوتا ہے۔ بہت سے اداکار سنجیدگی سے نہیں لیتے پاکستان میں ڈائریکٹر کو اداکار کو لاڈ کرنا پڑتا ہے، پھر اداکار کہتا ہے، 'میں تمہارا سین کرنے آؤں گا'، یہ میرا سین نہیں ہے، آپ کو کیا معاوضہ دیا جاتا ہے۔

حبس کے ہدایتکار نے مزید انکشاف کیا کہ معاملات اس وقت غلط ہو گئے جب فیروز نے ڈائریکٹر کے کام میں مداخلت کرنے کی کوشش کی، کئی مواقع پر وہ رو پڑے جہاں کوئی ضرورت نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ کئی مواقع پر انہیں فیروز خان کی وجہ سے خود کو قابو رکھنا پڑا۔

علاوہ ازیں اشنا شاہ کے ساتھ کام کے تجربے کے حوالے سے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ اشنا کے ساتھ کام کرنا انتہائی حیرت انگیز تھا، میں نے ان کی تعریف بھی کی اور وہ میرے تبصروں کے بعد حیران رہ گئیں۔

Load Next Story