کراچی میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی ہوں گے بلاول بھٹو

وزیراعلیٰ ہر سازش کو ناکام بنا کر بلدیاتی انتخابات کروائیں،جو بھی الیکشن جیتے گا اُسے قبول کریں گے، چیئرمین پی پی

فوٹو اسکرین گریپ

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ بار بار الیکشن ملتوی ہونے کی وجہ سے شہر قائد کے لوگ تنگ آچکے مگر اب اُن کا انتظار ختم ہورہا ہے کیونکہ کراچی میں 15 جنوری کو ہی بلدیاتی الیکشن ہوں گے۔

کراچی میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ میں وزیراعلیٰ کو کہتا ہوں وہ ہر سازش کو ناکام بنا کر کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کروائیں کیونکہ اب لوگ اپنے مسائل اور مقامی نمائندگی نہ ہونے کی وجہ سے پریشان ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ کراچی والوں نے دیکھا جب اُن کا ایڈمنسٹریٹر تھا تو شہر میں تیزی سے کام ہوا، بلدیاتی اداروں کے دروازے شہریوں کے لیے کھولے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے بلدیاتی الیکشن ملتوی ہونے سے آپ تنگ ہورہے ہیں، الیکشن لڑنے والوں کو معلوم ہے کہ انتخابات لڑنا کتنا مشکل ہے، کراچی میں بلدیاتی انتخابات کی تاخیر کا عالمی ریکارڈ قائم ہوگیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 'بلدیاتی انتخابات کیلیے ہر حلقے سے نمائندہ کھڑا کیا ہے جس میں تمام قومیتوں کی نمائندگی شامل ہے، پورا کراچی انتخابات کا منتظر ہے اور امیدوار الیکشن مہم چلا چلا کر تھک چکے ہیں، عوام اب کراچی اور حیدرآباد کی لوکل باڈیز کی نمائندگی چاہتے ہیں۔

Load Next Story