کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات6 افراد ہلاک4 زخمی

نیوسبزی منڈی کے قریب 38 سالہ فیصل نشانہ بنا،رشتے دارکاپولیس پر الزام، قائد آباد میں پورٹ قاسم کا ملازم مارا گیا

میمن گوٹھ سے ہاتھ پاؤں بندھی 2 لاشیں ملیں، سکھن اورسرجانی سے بھی 2لاشیں ملیں،گارڈن میں 20 سالہ لڑکی زہریلی چیز کھانے سے ہلاک فوٹو: فائل

مختلف علاقوں میں فائرنگ اورپرتشدد واقعات میں 6 افرادہلاک اور 4 زخمی ہو گئے ۔

تفصیلات کے مطابق میمن گوٹھ کےعلاقے بخشانی گوٹھ انارہ سٹی کے مقام سے2 افرادکی ہاتھ پاؤں بندھی لاشوں کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو تحویل میں لے لیا، پولیس کے مطابق مقتولین کی عمریں25سے30سال کے درمیان ہیں،شلوار قمیض پہن رکھی تھی ۔ مقتولین کونامعلوم ملزمان نے اغوا کرکے آنکھوں پر پٹی باندھ کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا بعدازاں سر پر2، 2 گولیاں مارکر لاشیں پھینک دیں، مقتولین سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے ان کی شناخت کی جا سکتی، پولیس کوشبہ ہے کہ مقتولین مسنگ پرسن بھی ہوسکتے ہیں، پولیس نے لاشیں شناخت ورثا کے لیے ایدھی سردخانے منتقل کردیں،سکھن کے علاقے لالہ آبادندی کے کنارے سے 45 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی، ایس ایچ او راؤ رفیق نے بتایا کہ لاش3 سے 4 دن پرانی معلوم ہوتی ہے، جسم پر تشدد کے نشانات ہیں جبکہ گولی کا کوئی نشان نہیں ملا ، ہلاک ہونے والے کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت کی جا سکے ، پوسٹ مارٹم کے بعد اجزا کیمیکل ایگزامن کے لیے لیبارٹری بھیج دیے گئے ہیں ۔رپورٹ آنے کے بعد وجہ موت معلوم ہوسکے گی ۔


پولیس نے لاش شناخت ورثا کے لیے ایدھی سرد خانے منتقل کردی، سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر5 روٹ نمبرW-18 کے پرانے آخری اسٹاپ کے قریب22سالہ نامعلوم نو جوان کی تشدد زدہ اور سر پرگولی لگی لاش ملی، سرجانی ٹاؤن تھانے کے ڈیوٹی افسرخان محمد نے بتایا کہ مقتول کی فوری طور پر شناخت نہیں کی جا سکی ، لاش شناخت ورثا کے لیے ایدھی سردخانے منتقل کردی گئی ،سہراب گوٹھ صنعتی ایریا کے علاقے سپر ہائی وے نیوسبزی منڈی چاکر ہوٹل کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے38 سالہ فیصل علی خان آفریدی ہلاک ہو گیا مقتول مقتول فیڈرل بی ایریا بلاک16مکان نمبرR/881 کا رہائشی اور3 بچوں کا باپ تھا، مقتول4 بھائی اور2 بہنوں میں سب سے چھوٹا تھا، مقتول کے ایک رشتے دار نے بتایا کہ فیصل کے تمام بھائی بہن بیرون ملک مقیم ہیں، مقتول نجی کنسٹریکشن کمپنی میں ملازمت کرتاتھا، بدھ اورجمعرات کی درمیانی شب فیصل ایئر پورٹ گیا تھا جہاں سے کچھ مہمانوں لے کر گڈاپ ٹاؤن میں واقع فارم ہاؤس چھوڑنے جا رہا تھا، مقتول اپنی موٹرسائیکل پرجبکہ مہمان عقب میں ٹیکسی میں آرہے تھے کہ اچانک فیصل پر کسی مقام سے 2 فائر ہوئے اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا،مقتول کے رشتے دار کوموقع پر موجود ایک شخص نے بتایا کہ رات کی تاریکی میں ایک سنسان مقام پرپولیس نے موٹر سائیکل سوارکوروکنے کے لیے آواز دی تاہم اس کے نہ روکنے پر پولیس نے مبینہ طور پر فائرنگ کر دی تھی ۔

پولیس کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیان شب نامعلوم ملزمان نے فیصل کو چلتی موٹرسائیکل پرسر پرگولی مار کر ہلاک کیا، قائد آباد کے علاقے خلدآباد پولیس چوکی کی حدود میں قائم ٹھٹھہ بس اسٹاپ رحمانی مسجد کے قریب موٹر سائیکل سوارملزمان سے35 سالہ بادام خان ہلاک ہوگیا ، فائرنگ کی زد میں آکر 19سالہ شہریار اور زبیر زخمی ہو گئے ، چوکی انچارج رضا محمد سولنگی نے بتایاکہ مقتول بادام خان پورٹ قاسم کا ملازم تھا اور مذکورہ علاقے کا رہائشی تھا ، انھوں نے بتایاکہ ابتدائی طور معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی ہے یا ٹارگٹ کلنگ ، مقدمہ درج ہونے کے بعد اصل حقائق سامنے آسکیں گے ، مومن آباد کلے علاقے قائد اعوان کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے25سا لہ فیصل ولد ظفر زخمی ہو گیا ، زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی ناصر جمپ کے قریب نامعلوم ملزما ن کی فائرنگ سے سلمان مسیح زخمی ہوا۔ گارڈن کے علاقے گل سینٹر کے قریب رہائش پذیر 20 سالہ صبا نے زہریلی چیز کھالی جسے اس کے اہلخانہ نے انتہائی تشویشناک حالت میں سول اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی بعدازاں متوفیہ کے ورثا لاش بغیر پولیس کارروائی کے اپنے ہمراہ لے گئے ۔
Load Next Story