سندھ اور کے پی میں موسم سرما کی تعطیلات ختم تعلیمی ادارے کھل گئے
پہلے دن مختلف اسکولوں میں حاضری معمول سے بہت کم ہے
موسم سرما کی تعطیلات کے بعد سندھ سمیت کراچی کے تعلیمی ادارے کھول دیے گئے، وزارت تعلیم کی جانب 21 دسمبر سے 31 دسمبر تک موسم سرما کی تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔
محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق صوبے کے تمام اسکولز اور کالجز آج سے کھول دیے گئے جبکہ متعدد پرائیویٹ اسکولوں کی جانب سے 4 جنوری سے کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
پہلے دن مختلف اسکولوں میں حاضری معمول سے بہت کم ہے جبکہ سرکاری اسکولوں میں حاضری 50 فیصد سے بھی کم رہی۔
والدین کا کہنا ہے کہ ابھی کراچی میں صحیح سے سردی پڑی نہیں کہ اسکول کھول دیے گئے، جب سخت سردی پڑے گی اس وقت بچے ٹھٹھرتے ہوئے اسکول جائیں گے، مہنگائی کی وجہ سے جیب نے اجازت نہیں دی کہ بچوں کو کہیں گھمانے لے جا سکیں بلکہ بچوں نے نانی، دادی، ماموں اور چاچا کے گھر جا کر چھٹیاں انجوائے کیں۔
اسی طرح، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں تمام تعلیمی ادارے سردیوں کی تعطیلات کے بعد کھول دیے گئے ہیں۔ صوبہ بھر کے میدانی علاقوں کے تمام پرائمری اسکولز آج بند ہیں۔
ہر ماہ کی یکم تاریخ کو اساتذہ کی مختلف مضامین میں ٹریننگ کی وجہ سے ایک دن پرائمری اسکولز بند رہتے ہیں، اس مرتبہ یکم اتوار کے دن آنے پر آج 2 جنوری کو تمام پرائمری اسکولز بند ہیں۔
محکمہ تعلیم نے موسم سرما کی تعطیلات میں توسیع دینے کی بجائے اسکولز حاضری کے اوقات کار کم کر دیے ہیں۔ محکمہ تعلیم کی طرف سے 31 جنوری تک پرائمری اسکولز اب صبھ 9:15 سے 1:30 جبکہ ہائی و ہائر سیکنڈری اسکولز صبح 9 بجے سے دوپہر 2:30 تک کھلے رہیں گے۔