نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز شاہین اور حارث فٹنس کی جانچ کیلیے طلب

فٹ ہونے کی صورت میں دونوں کی ٹیم میں واپسی کا امکان ہے


Sports Reporter January 02, 2023
فائل فوٹو

نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لیے پاکستان نے تیاریوں کا آغاز کر دیا،عدم فٹنس کا شکار فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی اور حارث کو فٹنس کی جانچ کے لیے طلب کرلیا گیا۔

پی سی بی کے مطابق فاسٹ بولر شاہین آفریدی آج سے فٹنس کی بحالی کے لیے سرگرم عمل ہوں گے، کراچی میں قومی ٹیم کا میڈیکل اسٹاف ان کی مکمل فٹنس کی بحالی کے اقدامات کی نگرانی کرے گا۔

دوسری جانب زرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شاہین آفریدی کی واپسی کا امکان روشن ہے، تاہم فاسٹ بولر اپنی فٹنس کے حوالے سے کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتے۔ ان کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی مکمل فٹ ہونے کی صورت ہی میں پاکستان ٹیم کے لیے اپنی دستیابی ظاہر کریں گے۔

دوسری جانب قومی سلیکشن کمیٹی اور ٹیم منیجمنٹ نے قبل ازیں ان فٹ ہوجانے والے ایک اور فاسٹ بولر حارث رؤف کو بھی فٹنس کی جانچ کے لیے طلب کر لیا ہے، فٹ ہونے کی صورت میں وہ بھی ون ڈے سیریز میں شریک ہوں گے، تاہم اگلے ماہ ہونے والے پی ایس ایل 8 میں ان کی شرکت یقینی ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کے مقابلے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں بالترتیب 9، 11 اور 13 جنوری کو کھیلے جائیں گے جبکہ چیف سلیکٹر اور سابق ٹیسٹ کپتان شاہد خان آفریدی پہلے ہی عندیہ دے چکے ہیں کہ کراچی کی روایتی پیچ کی تبدیلی کا وقت آ چکا ہے اور ایسی وکٹیں بنائی جائیں گی جو فاسٹ بولرز کے لیے معاون اور مددگار ثابت ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں