کراچی سے بین الصوبائی ڈکیٹ گروہ کا سرغنہ 5 ساتھیوں سمیت گرفتار
ملزمان کراچی پولیس کے علاوہ اندورن سندھ ، حب بلوچستان اور پنجاب کے علاقوں میں درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے
پولیس نے ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث بین الصوبائی ڈکیٹ گروہ کے سرغنہ کو 4 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بلال کالونی پولیس نے ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث بین الصوبائی ڈکیٹ گروہ کے سرغنہ کو 4 ساتھیوں سمیت گرفتار کرکے ملزمان سے اسلحہ ، گولیاں ، موبائل فونز ، پرس اور نقدی برآمد کرلی، گرفتار ڈکیت گروہ کراچی کے علاوہ اندرون سندھ ، حب بلوچستان اور پنجاب میں درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔
اس حوالے سے ایس ایچ او بلال کالونی آفتاب عباسی نے کہا کہ پولیس نے مختلف وارداتوں کی حاصل کی گئی فوٹیجز کی مدد سے ڈکیت گروہ کا سراغ لگا کر انھیں قانون کی گرفت میں لیا ہے، ڈاکوؤں کی شناخت گروہ کے سرغنہ ریاض عرف سندھو عرف راجو جب کہ دیگر ساتھیوں میں حماد عرف حمزہ ، بدرو شکار پوری ، ارباز اور ایوب پینٹر کے نام سے کی گئی جب کہ گرفتار ڈکیت گروپ نے بلال کالونی تھانے کی حدود میں ریکی کے بعد ایک شہری سے 3 لاکھ روپے نقد چھینے تھے اور موقع سے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے تھے جبکہ اسی گروہ نے نیو کراچی صنعتی ایریا میں قائم چاند میڈیکل کے سامنے سے آصف نامی شہری سے ایک لاکھ روپے نقد چھینے تھے۔
انھوں ںے بتایا کہ گرفتار ڈکیت گروہ ڈکیتی و رہزنی کی کئی وارداتوں میں کراچی پولیس کے علاوہ اندورن سندھ ، حب بلوچستان اور پنجاب کے علاقوں میں درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے، گینگ کا مرکزی ملزم ریاض عرف راجو اور بدرو شکارپوری مختلف ڈکیتی و اقدام قتل کے مقدمات میں اشتہاری ہیں جبکہ وہ چھینے ہوئے موبائل فونز بلوچستان حب اور ساکران میں فروخت کرتے تھے اور وہ موبائل فونز خضدار، وادھ چمن اور افغانستان میں فروخت کر دیئے جاتے تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈکیت گروہ شکارپور سے کراچی واردات کرنے آتے اور پھر واپس اپنے آبائی علاقے جاکر روپوش ہوجاتے تھے جبکہ ڈکیت گروہ لوٹ مار کی واردات کے دوران فائرنگ کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتے تھے، پولیس نے گرفتار ڈکیت گروہ کے قبضے سے 3 پستول ، گولیاں ، 8 موبائل فونز ، 10 پرس اور نقدی برآمد کی ہے جبکہ گروہ میں شامل دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے پولیس کوششیں کر رہی ہے۔