افغانستان سے درآمدات کی مدت میں مزید 45 روز کی توسیع
وزارت تجارت نے نوٹی فکیشن جاری کردیا، درآمدات پاکستانی کرنسی میں کرنے کی اجازت ہوگی
وزارت تجارت نے افغانستان کے ساتھ پاکستانی روپے میں کی جانے والی درآمدات کی مدت میں 45 یوم کی توسیع کردی ہے جو 31دسمبر 2022 کو ختم ہوگئی تھی۔
وزارت تجارت کی جانب سے درآمدات کی مدت میں توسیع کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وزارت تجارت کی جانب سے افغانستان کے ساتھ کی جانے والی بارٹر ٹریڈ کا ایک میکانزم تیار کیا جارہا ہے اور اس میکینزم کی تیاری میں ابھی کچھ وقت درکار ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق نئے نظام کی تیاری تک افغانستان کے ساتھ ہونے والی درآمدات پاکستانی روپے میں کرنے کے لئے 45یوم کے اضافے کے ساتھ 14فروری 2023 تک توسیع دیدی گئی ہے تاہم اب افغانستان کے ساتھ کی جانے والی درآمدات پر الیکٹرانک امپورٹ فارم (آئی فارم) کی چھوٹ میں اضافہ کردیا گیا ہے۔