آٹا فروخت کرنے والے ٹرک کو لوٹنے کی کوشش سیکورٹی گارڈ نے ناکام بنادی
ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سیکورٹی گارڈ اور ٹرک ڈرائیور زخمی ہوگئے
شاہ لطیف ٹاؤن میں سرکاری نرخ پر آٹا فروخت کرنے والے ٹرک کو لوٹنے کی کوشش سیکورٹی گارڈ نے ناکام بنادی جبکہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سیکورٹی گارڈ اور ٹرک ڈرائیور زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق زخمیوں کو فوری طور ایمبولینس کے ذریعےجناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی شناخت 30 سالہ دین محمد ولد میرعلی اور 30 سالہ حسنین ولد پاک علی کے نام سے کی گئی ہے۔
ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن مظہر اعوان نے ایکسپریس کو بتایا کہ زخمی ہونے والے دونوں افراد گلستان جوہر بھٹائی آباد میں ٹرک رجسٹریشن نمبر جے ایکس8746 میں سرکاری نرخ پر آٹا فروخت کرکے سے واپس جا رہے تھے کہ موٹر سائیکل پرتعاقب کرنے والے ڈاکوؤں نے بھینس کالونی موڑ کے قریب ان کا ٹرک روکنے کی کوشش کی۔
مظہر اعوان کے مطابق ٹرک میں سوار گارڈ نے صورتحال بھانپ لی اور ڈاکوؤں پر پہلے فائرنگ کردی پھر ڈاکوؤں کی جانب سے بھی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ٹرک میں سوار گارڈ اور ڈرائیور زخمی ہوگئے جبکہ مسلح ڈاکو کچھ لوٹے بغیر موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
انھوں نے بتایا کہ زخمی ہونے والے افراد کے پاس تقریباً ساڑھے تین لاکھ سے زائد کی رقم موجود تھی جبکہ پولیس نے واقعے میں ملوث ڈاکوؤں کی تلاش شروع کردی۔