اسرائیل نے فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنے سے انکار کردیا

فلسطینی قیادت عالمی سطح پر سفارتکاری نہ بڑھانے کی یقین دہانی کرادے تو قیدی رہا کردیئے جائیں گے،وزیر انصاف


فلسطینی قیادت عالمی سطح پر سفارتکاری نہ بڑھانے کی یقین دہانی کرادے تو قیدی رہا کردیئے جائیں گے،وزیر انصاف فوٹو:فائل

اسرائیل نے فلسطین میں قیام امن کی کوششوں پر ایک مرتبہ پھر وار کرتے ہوئے فلسطینی قیدی رہا کرنے سے انکار کردیا۔


غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلسطین کیلئے اسرائیل کے چیف مذاکرات کار کا کہنا ہے کہ فلسطینی قیادت کی جانب سے عالمی سطح پر اسرائیل کو چیلنج کئے جانے اور سفارتی مہم شروع کرنے کے باعث 26 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنے کا منصوبہ ترک کردیا گیا ہے جبکہ فلسطینی قیدیوں کی رہائی کی پالیسی کا از سر نو جائزہ لینے پر غور کیا جارہا ہے۔


دوسری جانب اسرائیل کے وزیر انصاف زیپی لیونی کا کہنا ہے کہ فلسطین عالمی سطح پر سفارتکاری بڑھانے سے باز رہے، اگر فلسطینی قیادت کی جانب سے سفارتکاری نہ کرنے کی یقین دہانی کرادی جائے تو قیدی رہا کردیئے جائیں گے جبکہ امریکی نگرانی میں امن مذاکرات کو سابقہ معاہدوں کے تحت آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔


واضح رہے کہ فلسطینی رہنما محمود عباس نے اقوام متحدہ کی 15 یاداشتوں پر فلسطینیوں کی جانب سے دستخط کرنے کیلئے درخواست کی تھی جن میں اسرائیل پرالزام عائد کیا گیا تھا کہ اس نے اپنے وعدوں کا پاس نہیں رکھا جبکہ فلسطینی قیدیوں کی رہائی اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان امن عمل کا حصہ ہے جسے امریکہ کا تعاون حاصل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں