کراچی میں آٹا مزید 10 روپے کلو مہنگا ہوگیا
خوردہ سطح پر ڈھائی نمبر آٹا 140 روپے کلو فروخت ہونے لگا
شہر میں آٹا مزید 10 روپے کلو مہنگا ہوگیا جس کے باعث خوردہ سطح پر ڈھائی نمبر آٹا 140 روپے کلو فروخت ہونے لگا ہے۔
ڈھائی نمبر آٹے کی ایکس مل قیمت 135 روپے کلو کی سطح پر آگئی، فلور ملز اوپن مارکیٹ سے 120 روپے کلو پر گندم خرید رہی ہیں۔
فلورملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین چوہدری عامر کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے گندم درآمد کرنے کی اجازت کی درخواست مسترد کر دی، نجی شعبے کو گندم کی درآمد کی اجازت دی جائے تو آٹا 100 روپے کلو فروخت کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی ضرورت پوری کرنے کے لیے 4 ملین ٹن گندم کی درآمد کی ضرورت ہے، سرکاری کوٹہ سے فلور ملوں کو ماہانہ 10 ہزار بوری گندم فراہم کی جا رہی ہے جبکہ کراچی کی طلب پوری کرنے کے لیے ماہانہ 40 سے 45 ہزار بوری گندم کی ضرورت ہے۔