اسلام آباد دھماکے کے حملہ آور کی شناخت ہوگئی وزیر داخلہ

پارلیمنٹ پر حملے کے خدشے سے متعلق میڈیا پر خبریں زیر گردش رہیں، ان ملزمان کو بھی گرفتار کیا جاچکا ہے، رانا ثنااللہ

(فوٹو : فائل)

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے آئی ٹین دھماکے میں ملوث حملہ آور کی شناخت ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر ڈالی جانے والی ویڈیوز کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا ہے۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے بدھ کو اسلام آباد پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب اور صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کیا، اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس ڈاکٹر اکبر ناصر خان بھی موجود تھے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ آج میں سید عدیل حسین کی فیملی کو شہدا پیکج کے حوالے سے آیا تھا۔ ان کی فیملی کو ان کا حق ادا کرنا ہمارا فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید قوم کا محسن ہوتا ہے اور شہید کے خون سے تقدیر بدلتی ہے, 1 کروڑ روپے کا چیک شہید کی بیوہ کو ادا کیا گیا ہے، اس کے علاوہ 1 کروڑ 25 لاکھ روپے مکان کے لئے حکومت ادا کرے گی۔


شہید کے بچوں کے اسکول اور تعلیم کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی، ایک ایس پی رینک کے افسر کو مقرر کیا ہے کہ تمام شہدا کی فیملیز سے رابطہ کرے اور اس طرح تمام شہدا کو مشکلات سے بچایا جائے۔

وزیرِ داخلہ نے مزید کہا کہ آج سے 5،6 ماہ پہلے جب مجھے معلوم ہوا تو شہدا کے 1 ارب 22 کروڑ واجب الادا تھے، حکومت کی مالی حالت آپ کے سامنے ہے لیکن یہ رقم ادا کی گئی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شہید کی اس کاوش کی وجہ سے اسلام آباد بڑے نقصان سے محفوظ رہا، اسلام آباد پولیس پہلے بھی اور اب پہلے سے بہتر طریقے سے اپنی ذمہ داری نبھا رہی ہے، وفاقی پولیس کے تمام دیرینہ مطالبات پورے کئے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ پر حملے کے خدشے کے حوالے سے بھی میڈیا پر خبریں زیر گردش رہیں تھیں، ان ملزمان کو بھی گرفتار کیا جاچکا ہے۔

 
Load Next Story