وفاق وزیرآباد حملے کی تفتیش پر اثر انداز ہورہا ہے فواد چوہدری
وزیرآباد حملہ منصوبہ بندی سے کیا گیا، تین اطراف سے فائرنگ کی گئی، وقوعہ سے مختلف اسلحے کے 14 خول ملے، فواد چوہدری
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں فواد چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ وزیرآباد میں عمران خان پر حملہ مکمل منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا، اب وفاق تفتیش پر اثر انداز ہونے کی کوشش کررہا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ وزیر آباد میں حملے کا مقصد عمران خان کو قتل کروانا اور پاکستان میں سیاسی انتشار پھیلا کر فائدہ حاصل کرنا تھا، گجرات میں پولیس کی تعداد کم کر کے عمران خان پر حملے کا موقع دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ تفتیش میں ثابت ہوگیا حملہ آور تین تھے، ڈی پی او نے ویڈیو بنانے کے لیے ایس ایچ او کو کیمرا دیا، ڈی پی او تفتیش کیلیے نہیں آئے انہیں شامل تفتیش ہونے سے کون روک رہا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ملزم نوید کو قتل کرنے کے لیے شوٹر کو بھیجا گیا تھا تاکہ معاملے کو مذہبی رنگ دیا جائے مگر نوید کو جب پی ٹی آئی کارکن نے معظم نے پکڑا تو اُسے شوٹر نے گولی مار دی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جائے وقوعہ سے مختلف اسلحے کے 14 خول ملے جبکہ 9 خول سامنے واقع عمارت سے ملے، عمران خان کے گارڈ نے ایک گولی بھی نہیں چلائی۔
دوسری جانب صوبائی وزیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ نے الزام عائد کیا کہ وفاق تحقیقات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کررہا ہے۔