حکومت نے 472 ارب مالیت کے11منصوبوں کی منظوری دیدی

سندھ میں فلڈ رسپانس ایمرجنسی ہاؤسنگ منصوبے کی لاگت کم کرکے160ارب کردی گئی


Shahbaz Rana January 05, 2023
شدید مالی بحران کے باوجود ضروری منصوبوں کے علاوہ سیاسی نوعیت کی اسکیمیں بھی منظور ۔ فوٹو:فائل

وفاقی حکومت نے 472 ارب روپے مالیت کے 11 منصوبوں کی منظوری دے دی۔

مالی وسائل کی شدید کمی کے باوجود وفاقی حکومت نے بدھ کو 472 ارب روپے مالیت کے 11 منصوبوں کی منظوری دے دی، جن میں سیلاب کے بعد بحالی کے ضروری منصوبوں کے علاوہ سیاسی مفادات کی حامل بعض اسکیمیں بھی شامل ہیں، جن کا مقصد شہری اور دیہی ووٹروں کی ہمدردیاں حاصل کرنا ہے۔

نیشنل اکنامک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ECNEC) نے ان اسکیموں کی توثیق کردی ہے۔ اس کے علاوہ ''ایکنک''نے صوبہ سندھ میں فلڈ ریسپانس ایمرجنسی ہاؤسنگ پروجیکٹ کی لاگت کو معقول بناتے ہوئے اسے کم کر کے 160 ارب روپے کر دیا، جسے اس سے پہلے جلدبازی میں 330 ارب روپے کی مہنگی لاگت کے ساتھ منظور کیا گیا تھا۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے گزشتہ روز ہونے والے''ایکنک'' اجلاس کی صدارت کی۔ ''ایکنک'' نے نیشنل ڈیولپمنٹ انٹرن شپ کی بھی منظوری دی۔ پی ٹی آئی کے نوجوانوں کے بیانیے کا مقابلہ کرنے کے لیے 20,000 انٹرن شپس دینے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

تاہم وظیفہ منظور شدہ اسکیموں کے ہنگامی بجٹ سے ادا کیا جائے گا، جو ان منصوبوں کے لیے مالی مسائل پیدا کر سکتا ہے۔ وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق یہ پروگرام نوجوانوں کو مرکزی دھارے میں لانے اور انہیں قومی ترقی میں شامل کرنے کے وزیراعظم پاکستان کے وژن کے مطابق ہے۔ پروگرام کے اخراجات پی ایس ڈی پی کے تحت چلنے والے ترقیاتی منصوبوں سے پورے کیے جائیں گے۔

''ایکنک'' نے 10.9 بلین روپے کی لاگت سے پرائم منسٹرز یوتھ لیپ ٹاپ اسکیمHEC- (فیز-III) کی بھی منظوری دی تاکہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے پبلک سیکٹر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے نوجوان اور ہونہار طلبہ کو مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ فیزIII منصوبے کے تحت دو سال میں ہونہار طلبہ میں 100,000 لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔

''ایکنک'' نے سندھ میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے عالمی بینک کے 500 ملین امریکی ڈالر کے قرضے سمیت 160 ارب روپے کی معقول لاگت سے فلڈ ریسپانس ایمرجنسی ہاؤسنگ پروجیکٹ کی بھی منظوری دی۔

یاد رہے کہ پہلے اسی منصوبے کی 330 ارب روپے کی لاگت کے ساتھ جلدبازی میں منظوری دیدی گئی تھی، جس میں اب 170 ارب روپے کی کمی کرکے کل لاگت کا نیا تخمینہ 160 ارب روپے لگایا گیا ہے۔ عالمی بینک پہلے ہی اس اسکیم کے لیے 500 ملین ڈالر کے قرضے کی منظوری دے چکا ہے۔

''ایکنک'' نے ایم ایس اور ایم فل کے لیے 22.2 بلین روپے کی لاگت سے منتخب شعبوں میں پی ایچ ڈی کرنے کے لیے اوورسیز اسکالرشپس کی بھی منظوری دی ہے تاکہ نوجوان پاکستانی اسکالرز کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں