بلاول بھٹو بچکانہ اور احمقانہ بیانات سے گریز کریں رانا ثنا اللہ

دہشتگردی پورے ملک کا مسئلہ ہے اورملک سنجیدہ رویے کا متقاضی ہے اس لئے بلاول تعصب کی عینک اتار کر دیکھیں، رانا ثنااللہ


ویب ڈیسک April 04, 2014
بلاول طفل مکتب ہیں اس لئے انہیں میاں صاحب کی حکمت عملی کچھ عرصے بعد سمجھ آئے گی، وزیرقانون پنجاب فوٹو:فائل

وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو بچکانہ اور احمقانہ بیانات سے گریز کریں، وہ ابھی طفل مکتب ہیں انہیں میاں صاحب کی حکمت عملی کچھ عرصے بعد سمجھ آئے گی۔


گڑھی خدا بخش میں بلاول بھٹو کی حکومت پر کڑی تنقید کا جواب دیتے ہوئے وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی حکومت کی انسداد دہشتگردی پالیسی پر تنقید کر کے کس کے ہاتھ مضبوط کر رہے ہیں۔ موجودہ دور حکومت کا کوئی بھی اسکینڈل نہیں جو ہرپاکستانی کے لئے فخر کی بات ہے، پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ہر آنے والا سورج کرپشن کے نئے ریکارڈ لے کر طلوع ہوتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول نازک کندھوں پر زیادہ بوجھ نہ ڈالیں، دہشتگردی پورے ملک کا مسئلہ ہے اور ملک سنجیدہ رویے کا متقاضی ہے اس لئے بلاول بھٹو تعصب کی عینک اتار کر دیکھیں۔

وزیرقانون پنجاب نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو پیپلزپارٹی کے پانچ سالہ بدترین لوٹ مارکے دور کو کیوں بھول رہے ہیں پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں کرپشن اپنے عروج پرتھی اور وہ اپنی جماعت کی جانب سے ملک کو دیوالیہ کرنے کی ذمہ داری قبول کریں، عوام پیپلز پارٹی کے کرپٹ حکمرانوں کو نہیں بھولے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔