امریکی کمپنی نے پاکستانی سوفٹ ویئر کمپنی کے شیئرز خرید لیے
امریکی سرمایہ کاروں کی خریداری دلچسپی خوش آئند ہے، برطانوی رکن پارلیمنٹ
برطانوی پارلیمنٹ کے رکن لارڈ عامر سرفراز نے کہ ہے کہ پاکستانی نژاد سافٹ ویئر کمپنی کلاؤڈ ویز کے حصص میں امریکی سرمایہ کاروں کی خریداری دلچسپی خوش آئند ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سافٹ ویئر کمپنی کلاؤڈ ویز کے شیئرز کی امریکی کمپنی ڈیجیٹل اوشین کی جانب خریداری اور گونگ بیل بجاکر کاروبار شروع کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کلاؤڈ ویز خالصتاً پاکستانی نژاد سافٹ ویئر کمپنی ہے اور خوشی ہے کہ پاکستانی نژاد کمپنی امریکیوں کی توجہ کا مرکز بنی۔
انہوں نے کہا آئی ایم ایف اس وقت مشکلات پیدا کر رہا ہے، کووڈ سیلاب کی تباہ کاریوں نے پاکستان کو معاشی طور پر سخت چیلنجز سے دوچار کر دیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی کمپنی ڈیجیٹل اوشین کے سی ای او یینسی اسپریول نے کہا کہ پاکستان آمد پر انہیں انتہائی خوشی ہوئی ہے، ایک پاکستانی کمپنی کے حصص کی اتنی بڑی مالیت خریداری انکے لیے بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع دستیاب ہیں۔
کلاؤڈ ویز کے سی ای او عاقب گاڈت نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ ہمارے ملک میں بڑی کمپنیاں نہیں قائم ہوسکتی ہیں، کلاؤڈ ویز میں امریکی سرمایہ کاری ہماری بڑی کامیابی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ایس ایکس کی چیئرپرسن ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی سیکٹر ابھی ابتدائی مراحل سے گزر رہا ہے، آئی ٹی کمپنیاں تیزی سے ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ ہو رہی ہیں۔
چیئرپرسن ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ پاکستان سے آئی ٹی ایکسپورٹس کا بھی آغاز ہوچکا ہے اور آئی ٹی سیکٹر کی ترقی ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ فی الوقت ملک کو اچھی خبروں کی ضرورت ہے، خوشی ہے کہ ملک میں اس نوعیت کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔