نیوائیر نائٹ پر خاتون کی آٹھویں منزل سے ہلاکت حادثہ نہیں قتل نکلا

پولیس نے پوسٹمارٹم کے بعد واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا


ویب ڈیسک January 05, 2023
پولیس نے پوسٹمارٹم کے بعد واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا (فوٹو: فائل)

راولپنڈی کے تھانہ روات کے علاقے کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں نیوائیر نائٹ پر خاتون کی آٹھویں منزل سے گِر کر ہلاکت کا واقعہ حادثہ نہیں بلکہ قتل نکلا۔

پولیس نے بھائی کی درخواست پر نجی کمپنی جہاں پر مقتولہ ملازمت کرتی تھی، مالکان و انتظامیہ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مدعی مقدمہ کا کہنا ہے کہ ہمشیرہ صنم ناز نجی کمپنی میں ریسپشنسٹ کی حیثیت سے ملازمت کرتی تھی۔

مدعی کا کہنا ہے کہ ہمشیرہ نے چھوٹی بہن کو بتایا تھا کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں زیر تعمیر پلازہ میں نیوائیر نائٹ کا فنکشن ہے، جس میں چیئرمین، ایڈمن انچارج، ایڈمن آفیسر وغیرہ بھی شریک ہوں گے۔ ہمشیرہ نے فنکشن میں پہنچ کر چھوٹی بہن کو اطلاع بھی دی۔

مدعی نے درخواست میں کہا کہ متعدد بار مقتولہ سے چھوٹی بہن نے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم رابطہ ممکن نہ ہوا، رات 2 بجے چیئرمین کمپنی ، ایڈمن انچارج وغیرہ گھر آئے اور کہا صنم ناز حادثے میں زخمی ہوگئی ہے۔ جب اسپتال پہنچے تو نعش مردہ خانے میں موجود تھی، جس پر زخموں کے نشانات تھے۔

تدفین وغیرہ سے فارغ ہوئے توپتہ چلا کہ کمپنی کے افراد نے باہم صلاح مشورے سے مبینہ طور پر ہوس کی تسکین نہ ہونے پر مقتولہ کو آٹھویں منزل پر لفٹ کی جگہ سے دھکا دیکر واقعہ کو حادثہ کا رنگ دیا۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹمارٹم کے بعد مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں