کراچی میں اسکریپ گودام میں بارودی مواد کے دھماکے سے 2 افراد زخمی

آر پی جی راکٹ کے لوہے کے ٹکڑے پر بارودی مواد ہتھوڑے کی چوٹ لگنے پر پھٹا


Staff Reporter January 05, 2023
آر پی جی راکٹ کے لوہے کے ٹکڑے پر بارودی مواد ہتھوڑے کی چوٹ لگنے پر پھٹا

شیرشاہ غنی چورنگی کے قریب واقع اسکریپ گودام میں دھماکے کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے، گودام میں ہونے والے دھماکے میں بارودی مواد موجود تھا۔

سائٹ بی تھانے کےعلاقے شیرشاہ غنی چورنگی کے قریب واقع جنرل اسکریپ گودام میں دھماکے کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے جنہیں چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمیوں کی شناخت دامنی زوجہ پریم اورراجو ولد شیریو کے نام سے کی گئی۔

معمولی دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اورپولیس نے فوری بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو طلب کرلیا ۔

اس حوالے سے ایس ایچ اوسائٹ بی زوارحسین نے بتایا کہ اسکریپ گودام کے گودام میں مختلف موٹریں موجود ہیں جہاں کھول کر اس میں سے تانبہ نکالا جاتا ہے دھماکے سے قبل بھی اسکریپ گودام کا عملہ موٹرکھول کراس میں سے تانبہ نکال رہا تھا کہ اچانک دھماکہ ہوگیا ۔

انھوں نے بتایا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ موقع پرپہنچ گیا ہے اور جائے وقوع کا جائزہ لے رہا ہے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کے زخموں کا بھی معائنہ کریگا کہ انہیں کس طرح کے زخم آئے ہیں اس کے بعد ہی اپنی رپورٹ شیئرکریگا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کے مطابق گودام میں ہونے والے دھماکے میں بارودی مواد موجود تھا۔ دھماکے کے مقام سے آر پی جی راکٹ کا لوہے کا ٹکڑا بھی ملا آر پی جی راکٹ کے لوہے کے ٹکڑے پر تقریباً200 گرام کے لگ بھگ بارودی مواد لگا ہوا تھا ہتھوڑے کی چوٹ لگنے پر بارودی مواد پھٹا جس کی آواز آدھا کلو میٹر دور تک سنی گئی ۔

دھماکے کے مقام پر معمولی سا گڑھا بھی پڑا، واقعہ تخریب کاری نہیں ،حادثاتی طور پر پیش آیا ۔

اکثروبیشتر بیرون ملک سے آنے والے اسکریپ میں بارودی مواد کے ٹکرے آجاتے ہیں ۔ دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص زیادہ زخمی ہواجبکہ دوسرا معمولی ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں