فخر حارث سہیل کی واپسی شاداب انجری کے باعث نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز سے باہر

چیف سلیکٹر نے کیویز کیخلاف 16 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا


ویب ڈیسک January 05, 2023
چیف سلیکٹر نے کیویز کیخلاف 16 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا (فوٹو: ٹوئٹر)

نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچز پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لیے 16 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سینٹرل پنجاب کے بیٹر طیب طاہر اور اسپنر اسامہ میر کو پہلی مرتبہ قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ شان مسعود اور حارث سہیل کی قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ ان کے علاوہ کامران غلام بھی قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوران زخمی ہونے والے فاسٹ بالر حارث روف نے مکمل فٹنس بحال کرلی ہے، لہٰذا انہیں دوبارہ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے تاہم میڈیکل پینل سے مشاورت کے بعد شاہین شاہ آفریدی کو فی الحال اسکواڈ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے، امید ہےکہ پی ایس ایل 8 سے قبل مکمل فٹنس حاصل کرلیں گے۔

آسٹریلیا میں بگ بیش کرکٹ کے دوران انجری کے باعث پاکستان کے نائب کپتان شاداب خان کو سلیکشن کے لیے زیرغور نہیں لایا گیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے بتایا کہ کپتان بابراعظم اور ثقلین مشتاق کی مشورت سے ٹیم بنائی ہے، کوشش ہے کہ بابراعظم کو بڑے کرکٹر کے ساتھ ایک اچھا کپتان بنائیں۔ انجری کا شکار شاداب خان سے بالنگ کروائی ہے تاہم وہ مکمل فٹ نہیں، اس لیے انہیں ریسٹ دیا گیا ہے، انکی جگہ اسامہ میر کو موقع دیا ہے۔

مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں باؤنسی وکٹ تیار کیجائے گی، شاہد آفریدی

سرفراز احمد کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کرنے کے حوالے سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کو جہاں لگا کہ رضوان تھک گئے ہیں یا پرفارم نہیں کرپارہے تو سرفراز کو ضرور موقع دیا جائے گا۔

عبوری سلیکشن کمیٹی کے سربراہ شاہد آفریدی نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان نے محدود ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی ہے تاہم اس سال پاکستان کو اس طرز کی کرکٹ میں اے سی سی ایشیا کپ اور آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کرنا ہے، ایشیاکپ سے قبل ہی پاکستان کو 11 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے ہیں جہاں ہر ممکنہ آپشنز استعمال کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ ان ایونٹس کے لیے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے۔

مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز؛ قومی ٹیم کا اعلان کل ہوگا

انہوں نے کہا کہ مینز ورلڈکپ کو مدنظر رکھتے ہوئے شان مسعود اور حارث سہیل کی دوبارہ اسکواڈ میں لایا گیا ہے، یہ دونوں کھلاڑی ابھی بھی پاکستان کرکٹ کو بہت صرف کرسکتے ہیں۔ ہم نے ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے طیب طاہر اور اسامہ میرکو نہ صرف اسکواڈ میں شامل کیا ہے بلکہ انہیں مستقبل کے لیے بھی بیک اپ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ جو کھلاڑی نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ کا حصہ نہیں بن سکیں، وہ آئندہ سیریز کی سلیکشن کے لیے زیرغور ضرور رہیں گے۔ ہم نے کھلاڑیوں کی ریڈ اور وائیٹ بال میں ورک لوڈ منیجمنٹ کو بھی زیرغور رکھا ہے تاہم اس کے لیے ہمیں ممکنہ کھلاڑیوں کا پول بڑھانے کی ضرورت ہے۔

چیئف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ فخر زمان اور حارث سہیل کی جانب سے مکمل فٹنس حاصل کرنے پر انہیں خوشی ہے تاہم شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی کو فٹنس وجوہات کے باعث اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین تین میچز پر مشتمل سیریز کے میچز 9،11 اور13 جنوری کو نیشنل بنک کرکٹ ایرینا کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کا اسکواڈ درج ذیل ہے:

کپتان بابراعظم، فخر زمان، کامران غلام، فخر زمان، حارث رؤف، حارث سہیل، امام الحق، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونئیر، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہنواز دھانی، شان مسعود، طیب طاہر اور اسامہ میر شامل ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں