ہندو انتہا پسندوں نے شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کے پوسٹر پھاڑ دیئے
فلم 'پٹھان' کے پہلے گانے کی ریلیز سے اٹھنے والے تنازعے کی شدت میں کمی نہیں اور اب بات زبانی مذمت سے بڑھ کر ہنگامہ آرائی تک پہنچ گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق احمد آباد میں ہندو انتہاپسند تنظیم بجرنگ دل کے متعدد کارکنان نے ایلفا ون مال میں موجود ملٹی پلیکس سینما جاکر احتجاج کرتے ہوئے شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کے فلمی پوسٹر پھاڑ ڈالے۔
فلم 'پٹھان' کے خلاف یہ پہلا احتجاج نہیں ہے، انتہاپسند گروپ اس سے قبل بھی متعدد احتجاجی جلوس نکال چکے ہیں اور فلم کو ریلیز نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
احتجاجی لہر سے متاثر ہوکر بھارتی سینسر بورڈ نے بھی فلم میکرز کو ہدایت دی تھیں کہ وہ ریلیز سے قبل بورڈ کی طرف سے دی گئی مجوزہ تبدیلیاں کریں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق فلم میں 10 تبدیلیوں کے بعد اسے سینسر بورڈ کی طرف سے گرین سگنل مل چکا ہے۔