5 سال پرانے کیس میں وزیراعلیٰ کے پی کے معاون خصوصی کے ورانٹ گرفتاری جاری
مارگلہ پہاڑیوں پر قدرتی حسن تباہ کرنے کے مقدمے میں بیرسٹر محمد علی سیف کو گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا
اسلام آباد کی مارگلہ کی پہاڑیوں پر قدرتی حسن تباہ کرنے کے مقدمے میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی بیرسٹر محمد علی سیف کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سینئیر اسپیشل مجسٹریٹ سی ڈی اے سردار آصف نے محمد علی سیف کی مسلسل عدم حاضری پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے جبکہ بیرسٹر محمد علی سیف کے وارنٹ گرفتاری ایس ایچ او تھانہ بھارہ کہو کو ارسال کردیا گیا۔
وارنٹ گرفتاری میں اسلام آباد پولیس کو بیرسٹر محمد علی سیف کو 11 جنوری کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ بیرسٹر محمد علی سیف کے خلاف مارگلہ کی پہاڑیوں پر توڑ پھوڑ کرکے قدرتی حسن تباہ کرنے پر 2018 سے مقدمہ زیر سماعت ہے۔
بیرسٹر محمد علی سیف کے خلاف لینڈ اسکیپ آرڈیننس اور انوائرمنٹل ریگولیشن 2008 اور ایم ایل آر 82 کے تحت مقدمہ درج ہے۔