شردھا کپور کی سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ پہلی فلم ’’ایک ولن‘‘ کا ٹریلر جاری

اداکارہ کو ہیروکے ساتھ گوا میں سمندر کے کنارے اور موٹرسائیکل پر سفر کرتے دکھایا گیا ہے


Showbiz Desk April 05, 2014
’’ایک ولن‘‘ سے ایکشن کردار ادا کرنے کی خواہش پوری ہوگئی، شردھا، فلم ’’حیدر‘‘ بھی مکمل، 12ستمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی فوٹو: فائل

''عاشقی 2'' سے شہرت حاصل کرنے والی بالی ووڈ اداکارہ شردھا کپور کی سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ پہلی ایکشن اور رومانوی فلم ''ایک ولن'' کے پوسٹر کے بعد پہلا ٹریلر بھی جاری کردیا گیا۔

بالاجی موشن پکچرز کے زیر اہتمام بنائی جانے والی فلم کی ہدایات فلموں ''راز 2''، ''مرڈر 2'' اور ''عاشقی 2'' کے ہدایتکار موہت سوری دے رہے ہیں اور اس کی پروڈیوسر ایکتاکپور ہیں اورکہانی تشار ہیراندانی نے تحریر کی ہے جب کہ میوزک متھن نے ترتیب دیا ہے۔ کچھ روز قبل جاری کیے جانے والے فلم کے پہلے پوسٹر میں شردھا اور سدھارتھ کو رومانوی ماحول میں دکھایا گیا تھا۔ اسی طرح گزشتہ روز ریلیز ہونے والے فلم کے پہلے ٹریلر میں شردھا کپور کو سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ گوا میں سمندر کے کنارے اور موٹرسائیکل پر سفر کرتے دکھایا گیا ہے جب کہ ماسک پہنے ہوئے شخص کا شردھا کپور پر حملہ کرنے کا منظر بھی ٹریلر کا حصہ ہے۔ دوسری طرف سدھارتھ ملہوترا جو فلم ''ایک ولن'' میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، شہر بھر میں لوگوں پر حملہ کرتے نظر آرہے ہیں۔ فلم میں شردھا کپور اور سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ رتیش دیشمکھ اور امریتا پوری مرکزی کردار ادا کررہے ہیں جب کہ دیگر کاسٹ میں کمال راشد خان، شاد رندھاوا اور ریمو فرنینڈس شامل ہیں۔ ''ایک ولن'' 27 جون کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ ایک انٹرویو کے دوران شردھا کپور کا اپنی اس فلم کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ''عاشقی ٹو'' میں رومانوی کردار سے مجھے شہرت ملی مگر میں خود پر ایک رومانوی اداکارہ کی چھاپ نہیں لگوانا چاہتی اورمختلف قسم کے کردار کرنا چاہتی اور خود کو آزمانا چاہتی ہوں۔

میری خواہش تھی کہ کسی فلم میں ایسا کردار کروں جس میں تھرل اور ایکشن ہو ہدایتکار موہت سوری اور ایکتا کپور نے مجھے ایکشن اور تھرل سے بھر پور فلم ''ایک ولن'' میں مرکزی کردار کی پیشکش کی تو مجھے اپنی خواہش پوری ہوتی محسوس ہوئی جس پر میں نے اسے کسی حیل و حجت کے بغیر قبول کر لیا۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ میری پہلی فلم ہے جس میں اداکار سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ نظر آرہی ہوں جب کہ ''عاشقی 2 '' کے بعد ہدایتکار موہت سوری کے ساتھ یہ میری دوسری فلم ہے اور میں اس کے متعلق بہت جذباتی ہوں کیونکہ میں نے اس فلم میں رومانوی کے ساتھ ساتھ ایکشن کردار بھی ادا کرنے کی بھر پور کوشش کی ہے امید ہے شائقین کو اس فلم میں میرا کردار اور پرفارمنس پسند آئے گی اور وہ اس فلم کو بھی '' عاشقی 2 '' کی طرح کامیاب بنائیں گے ۔ دوسری طرف اداکارہ کی ایک اور فلم ''حیدر'' کی شوٹنگ بھی مکمل ہوچکی ہے اور ان دنوں اس کی پوسٹ پروڈکشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔ وشال بھردواج کی پروڈکشن اور ہدایتکاری میں بنائی گئی فلم کی زیادہ تر عکس بندی مقبوضہ کشمیر میں ہی کی گئی ہے ۔ فلم ''حیدر'' میں شردھا کپور کے علاوہ شاہد کپور ، عرفان خان ، تبو ، کے کے مینن نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں جب کہ فلم کا میوزک بھی خود وشال بھردواج نے ہی ترتیب دیا ہے ۔ حیدر کو 12ستمبر کو سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔