مہنگائی میں اضافے کیساتھ سالِ نو کا آغاز پہلے ہی ہفتے 23 اشیائے ضروریہ مہنگی
23 اشیائے ضروریہ مہنگی، 9 سستی اور 19 کی قیمتوں میں استحکام رہا، وفاقی دارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ جاری
نئے سال کے آغازپرملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کی رفتارپھر سے زور پکڑ نے لگی جب کہ 2023ء کے پہلے ہی ہفتے میں 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ ہوا۔
مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق جنوری کے پہلے ہی ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.09 فیصد جب کہ سالانہ بنیادوں پر 30.60 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
وفاقی ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق اس مختصر دورانیے میں ملک میں 23 اشیائے ضروریہ مہنگی اور 9سستی ہوئیں جب کہ 19کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ایک ہفتے کے دوران آگ جلانے والی لکڑی،نمک پاوڈر،سادہ روٹی، پیاز ،لہسن،مٹن،بیف،چکن،آٹا،دال مونگ،دال ماش،دال چنا،ایری سکس چاول،دہی اورکھلا تازہ دودھ سمیت 23اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
علاوہ ازیں آلو،،ٹماٹر، انڈے، چینی،ویجی ٹیبل گھی،ایل پی جی اوردال مسور سستی ہوئیں جب کہ 19اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
مہنگائی کے اعداد و شمار کے مطابق ہفتہ وا ر بنیادوں پر گزشتہ ہفتے کے دوران چکن16.09فیصد،باسمتی ٹوٹا چاول5.16فیصد، آٹا 4.87فیصد،پیاز2.65فیصد،روٹی 1.24فیصد،نمک1.07فیصد اوردال مونگ1.02فیصد مہنگی ہوئی جبکہ آلو4.61 فیصد،ٹماٹر1.17 فیصد،ویجی ٹیبل گھی0.71فیصد،انڈے1.31 فیصد ایل پی جی0.85فیصد،چینی0.24 فیصد، اور دال مسور0.05فیصد سستی ہوئیں۔
حساس قیمتوں کے اعشاریہ(ایس پی آئی) کے لحاظ سے گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں ملک میں مہنگائی کی شرح30.60فیصد رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدن رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں29.60فیصد، 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں30.06فیصد اضافہ ہوا۔
اس کے علاوہ 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں31.88فیصد، 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 32.92فیصد رہی۔ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 30.59فیصدرہی۔