مشتاق احمد کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ

قومی ٹیم کے بجائے پاکستان کے اُبھرتے ہوئے بولرز کو تربیت دینا چاہتا ہوں، مشتاق احمد


Sports Reporter April 05, 2014
قومی ٹیم کے بجائے پاکستان کے اُبھرتے ہوئے بولرز کو تربیت دینا چاہتا ہوں، مشتاق احمد۔ فوٹو: فائل

پی سی بی نے مشتاق احمد کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا، انگلش ٹیم کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ رکھنے والے سابق اسپنر نے گذشتہ روز چیئرمین نجم سیٹھی سے قذافی اسٹیڈیم میں ملاقات کرکے گراس روٹ سطح پر کرکٹرز کی صلاحیتیں نکھارنے کے منصوبے سے آگاہ کیا۔

بعدازاں مشتاق احمد نے کہا کہ چیئرمین بورڈ کے ساتھ بڑی حوصلہ افزا گفتگو ہوئی، قومی ٹیم کے بجائے پاکستان کے اُبھرتے ہوئے بولرز کو تربیت دینا چاہتا ہوں، خواہش ہے کہ انڈر 16 اور 19کھلاڑیوں کے ساتھ کام کروں۔سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ سے بھی بات چیت جاری ہے تاہم اگر پی سی بی کے ساتھ معاملات طے پاگئے تو اپنے ملک کیلیے کام کرنے کو ترجیح دوں گا۔ یاد رہے کہ مشتاق نے قومی ٹیم کے ساتھ کوچنگ کیلیے بھی درخواست دی تھی مگر ان کا نام شارٹ لسٹ نہیں ہو سکا۔

آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی20میں قومی ٹیم کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اگرچہ انگلینڈ بھی ایونٹ میں پیش قدمی جاری نہ رکھ سکا لیکن بنگلہ دیشی کنڈیشنز میں پاکستان فیورٹس میں شامل تھا ،اس لیے شکست پر حیرانی ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ سعید اجمل جیسے ورلڈ کلاس اسپنر کی جانب سے کارکردگی میں عدم تسلسل بھی ٹیم کی شکست کا باعث بنا۔ ایک سوال پر مشتاق نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے مگر محمد حفیظ کے قیادت چھوڑنے پر افسوس ہوا، نیا کپتان بنانا ایک مشکل کام ہے،کوئی جلد بازی کرنے کے بجائے نئی سلیکشن کمیٹی اور پی سی بی کو مل بیٹھ کر فیصلہ کرنا ہو گا، موجودہ حالات میں شاہد آفریدی اچھا انتخاب ثابت ہو سکتے ہیں۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے بارے میں مشتاق نے کہاکہ اسے درست سمت میں گامزن کرنے کے لیے کافی وقت درکار ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں