سرفراز احمد کو شاندار کارکردگی پر کھلاڑی ’کپتان‘ کہنے لگے
وکٹ کیپر سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے آخر روز ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 118 رنز کی اننگز کھیلی اور پاکستان کو شکست سے بچا کر میچ کو ڈرا کراویا۔
سرفراز احمد کی بیٹنگ پر جہاں اُن کے مداحوں نے تعریف کی وہیں ساتھی کھلاڑی شاداب خان، محمد عامر، عماد وسیم، حسین علی سمیت دیگر نے تعریفی ٹویٹ کیے اور سرفراز کو کپتان کہہ کر مخاطب کیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے سرفراز کو بابو کہتے ہوئے مخاطب کیا اور انہیں حقیقی چیمپئن قرار دیتے ہوئے دعا دی کہ اللہ تمھیں نظر بد سے بچائے۔
علاوہ ازیں شاداب خان، حسن علی نے سرفراز کو 'کپتان' کہہ کر مخاطب کیا۔ شاداب خان نے لکھا کہ 'یہ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا مگر ٹیسٹ میچ بہت شاندار تھا، نیوزی لینڈ نے اچھا لکھا مگر پاکستان نے بھی بھرپور انداز سے دفاع کیا، میں یہ بات بتا نہیں سکتا کہ سیفی بھائی نے ہماری نسل کے لیے کیا کچھ نہیں کیا'۔
انہوں نے لکھا کہ 'ہم نے سرفراز احمد سے قیادت سیکھی، ٹیم کو ساتھ لے کر چلنا اور ٹیم کی صورت میں مقابلہ کرنا سیکھا'۔ انہوں نے دعا دی کہ اللہ تعالیٰ 'کپتان' (سرفراز) کی زندگی کو بہترین بنائے۔
علاوہ ازیں سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر صارفین نے سرفراز احمد کی خوب تعریف کی اور اُن کے حق میں ٹویٹ کیے اور اُن کی بلے بازی کی تعریف کی۔
واضح رہے کہ نویزی لیںڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں سرفراز احمد نے چار اننگز میں 335 رنز اسکور کیے، جس کی وجہ سے انہیں مین آف دی سیریز اور مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔